رحمان ملک کا افغان صدر سے دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ
پشاور(مانیڑنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ افغان صدر دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کر یں جنہوں نے پاکستان کے بچوں پر حملہ کیاہے ،ہم نے وہ تمام دہشت گرد آپ کے حوالے کیے جن کاآپ نے مطالبہ کیا ،اب وہ دہشت گرد ہمارے حوالے کیے جائیں جو سانحہ پشاور میں ملوث ہیں۔سیاسی جرگہ کے تمام اراکین نے پشاور سکول کا دورہ کیا اس موقع پر رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ دہشت گرد حملے کے دوران افغانستا ن میں ملا فضل اللہ اور کچھ اورلوگوں سے رابطے میں تھے اور ہمارے پا س اس کے ثبوت موجود ہیں اس لیے وہ تمام دہشت گرد ہمارے حوالے کیے جائیں جو کہ اس حملے میں ملوث ہیں ۔ان کا کہنا تھاکہ سانحہ پشاور میں شہیدہونے ولی پرنسپل سمیت تمام بچوں کو نشان حیدر دیا جان چاہیے کیونکہ یہ واقعہ پاکستان کی تاریخ میں ایساواقعہ ہے جو کہ بھلایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ آج یوم قائد کے دن ہمیں عزم کرنا چاہیے کہ ہم نے پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بناناہے ۔سانحہ پشاور کے مجرمان کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا ان کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اس موقع پر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں تابوتوں اور کفن کا کاروبار عروج پرہے ،پشاور 1980سے دہشت گردی کی زد میں ہے لیکن اب 2015کے سال کو امن کا سال بنانا ہوگا ۔
ان کا کہناتھاکہ سانحہ پشاور نے پوری انسانیت کوہلا کر رکھ دیا ہے لیکن پاکستانی عوم اب بیدار ہو چکی ہے اورپاکستان کو پرُ امن بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔