سانحہ پشاور کے شہداءکی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی ،قوم متحد ہے ، دہشتگردوں کو بدترین انجام تک پہنچا کررہیں گے : صدر مملکت ممنون حسین

سانحہ پشاور کے شہداءکی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی ،قوم متحد ہے ، دہشتگردوں کو ...
سانحہ پشاور کے شہداءکی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی ،قوم متحد ہے ، دہشتگردوں کو بدترین انجام تک پہنچا کررہیں گے : صدر مملکت ممنون حسین

  

کوئٹہ، زیارت(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ مٹھی بھر عسکریت پسندوں نے پوری قوم کو یرغمال بنا رکھا ہے تاہم پوری قوم دہشتگرددوں کے خلاف جنگ میں متحد ہے،دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، اُنہیں بدترین انجام تک پہنچاکر رہیں گے ۔

ہولی روزی چرچ میں کرسمس تقریب اور زیارت میں قائد اعظم ریذیڈنسی پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ پشاور کے آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کا حملہ اتنا ہی درد ناک ہے جتنا پشاور چرچ پر حملہ لیکن حکومت دہشتگردوں کو بھرپور جواب دے گی کیوں کہ خوشحال اور پرامن پاکستان ہماری منزل ہے۔ صدر ممنون حسین کا کوئٹہ میں کرسمس تقریب سے خطاب، سانحہ پشاور کے شہداءکی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اُن کاکہناتھاکہ اقلیتی براداری کو ملک میں پوری آزادی سے اپنی تقریبات منانے کی اجازت ہے حضرت عیسٰی علیہ اسلام کی تعلیمات ہوں یا قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال سب ہی خیر و بھلائی کا درس دیتے ہیں۔ ان تعلیمات کا مقصد معاشرے میں عدم توازن کا خاتمہ ہے، پاکستان میں تمام لوگ ایک قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انہیں پہلی دستور ساز اسمبلی میں قائداعظم کا خطاب یاد آ رہا ہے جس میں یہ واضح تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہان ہر خاص و عام رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بنا پر تمام پاکستانیوں کو ایک قوم کا نام دیا گیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس قوم کی منزل پر امن پاکستان ہے۔

اُنہوں نے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ ان مٹھی بھر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر مملک کو امن کا گہوارہ بنا یا جائے۔اس موقع پر مسیحی براداری کی بڑی تعداد نے کرسمس دعائیہ تقریب میں ملک کی سلامتی اور بقاء کے لیے بھی خصوصی دعا مانگی۔ کرسمس کے لیے کوئٹہ کے تمام چرچز میں سیکیورٹی کے انتظامات بھی انتہائی سخت تھے۔ پولیس اور ایف سی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

 صدرمملکت کا کہنا تھا کہ کرسمس کی تقریب میں شرکت اعزاز کی بات ہے، پاکستان کے عوام امن و سلامتی پر یقین رکھتے ہیں جب کہ مٹھی بھر دہشتگردوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بلاتفریق لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں، پشاور اور کوٹ رادھا کشن میں مسیحی برادری کو نشانہ بنایا جانا افسوسناک ہے تاہم حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -