برے وقت سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہوں: وہاب ریاض
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے کوشاں فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ اچھا برا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے اور میں بھی برے دور سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہوں۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا لوگ مجھ سے اچھی کار کرد گی کی توقع رکھتے ہیں، بدقسمتی سے پچھلے دنوں میری پرفارمنس بہتر نہ تھی لیکن میں بھر پور محنت کر رہا ہوں، امید ہے جلد ہی پاکستانی ٹیم میں شامل ہو جاؤں گا کیوں کہ اچھا اور برا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے لیکن بہادر وہی ہے جو برے وقت سے لڑے۔ایک سوال کے جواب میں فاسٹ باؤلر نے کہا ٹی 10 کرکٹ لیگ کا تجربہ بہت دلچسپ رہا، مجھے نئی طرز کی کرکٹ کھیل کر بہت مزا آیا۔انہوں نے کہا اگر یہ ایونٹ کامیابی سے جاری رہا تو بہت جلد مقبول ہو جائے گی جس کے بعد ہو سکتا ہے ٹی 20 کی جگہ اسے زیادہ اہمیت دی جانے لگے کیونکہ اس کے میچز صرف 90 منٹ تک محدود ہوتے ہیں۔ اور مصروف لوگ بھی میچز دیکھنے کیلئے 90منٹ ضرور نکال سکتے ہیں۔