قصور:مناسب قیمت نہ ملنے پر کسان نے گنے کی فصل کو آگ لگادی

قصور:مناسب قیمت نہ ملنے پر کسان نے گنے کی فصل کو آگ لگادی

  



قصور (مانیٹرنگ ڈیسک )قصور میں کاشت کار نے مناسب قیمت نہ ملنے پر گنے کی پوری فصل کو آگ لگادی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حکم دیا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو پورے پیسے نہ دینے والے ملز مالکان کو گرفتار کیا جائے۔قصور میں گنے کی فصل بھی جل گئی اور ان ہی شعلوں میں کاشت کار کی محنت اور امیدیں بھی خاک ہوگئیں۔ قصور کے علاقے گدھ پور میں کاشت کار جعفر نے مناسب قیمت نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہو کر پانچ ایکڑ پر کھڑی گنے کی پوری فصل کو آگ لگا دی۔کاشتکار کا کہنا ہے گنے کی نامناسب قیمت اور ملز مالکان کے رویے سے تنگ آ کر اس نے احتجاجاً یہ انتہائی قدم اٹھایا۔کاشتکار جعفر کے اس اقدام پر گاؤں کے دیگر کسان اور رہائشی بھی پریشان نظر آرہے ہیں،دوسری جانب قصور کے قریب قائم شوگر ملز کے باہر بھی گنے سے بھری ٹرالیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔واقعے کے بعد لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید کیانی اور کاشت کار نمائندوں نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے گنے کے کاشتکاروں کو پورے پیسے نہ دینے والے ملز مالکان کو گرفتار کرنے کا حکم دیااورکہا کارروائی مل ملازم کیخلاف نہیں بلکہ مالک کیخلاف ہوگی۔

مزید : علاقائی


loading...