نوجوان نسل کو قائدکے افکار سے آگاہی دینا وقت کا تقاضا ہے،پروفیسر غیاث النبی

نوجوان نسل کو قائدکے افکار سے آگاہی دینا وقت کا تقاضا ہے،پروفیسر غیاث النبی

  



لاہور(پ ر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سے آگاہی دینا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے ،بانی پاکستان کا یوم پیدائش ہم سب کو اس عظیم رہنما کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مسلسل محنت اور عزم و ہمت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے اور جدوجہد کو جاری رکھنے کا درس دیا اور اپنی زندگی کو قول وفعل کے تضاد سے پاک کر کے ثابت کیا کہ آئین اور قانون کے اندر رہ کر بھی سیاسی میدان میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے،یوم قائد اعظم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ بلا شبہ قائد اعظم اپنی شخصیت میں ہم سب کیلئے رول ماڈل ہیں جنہوں نے بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو علیحدہ ریاست کے قیام کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں او ر ایک علیحدہ ملک قائم کر کے دنیا بھر کو پیغام دیا کہ انتہائی نا مساعد حالات میں بھی ثمرآور کوششیں کی جا سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محمد علی جناح کی کامیابیوں کے صرف مسلمانوں نے ہی نہیں دیگر ممالک اور رہنماؤں نے بھی ان کا برملا اعتراف کیا ہے ۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں میڈیکل کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے وابستہ ہر شخص اپنے فرائض کی صحیح معنوں میں انجام دہی کر کے اپنا حصہ ڈال سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج کا معیاری ادارہ بلا شبہ مستقبل کے معمار پیدا کر رہا ہے اور اس ادارے نے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کر لی ہیں ہم یوم قائد اعظم پر اس ادارے کی مضبوطی اور مزید ترقی کے خواہاں ہیں ،انہوں نے طلبا و طالبا ت سے کہا کہ وہ طبی تعلیم کو قومی جذبے اور وطن عزیز کی خدمت کی لگن کے ساتھ جاری رکھیں گے تو اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں میں برکت ڈالے گا ۔انہوں نے کہا کہ 25دسمبر پاکستانی قوم کیلئے ہر لحاظ سے یاد گار دن ہے اور اس دن ملک وقوم کی خدمت اور بہتری کے عہد کی تجدید کرنی چاہیے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1