سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ترقی کیلئے انفراسٹراکچر ناگزیر ہے، میاں عثمان
لاہور (پ ر)مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے ڈپٹی پریذیڈنٹ میاں عثمان نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کی اکانومی اس وقت جنوبی ایشیا کی بہترین معیشتوں میں شامل ہے ،وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی دن رات کی محنت کی وجہ سے پنجاب پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں توانائی، صنعت ،زراعت، ریسورس موبلائزیشن ، ایمپلائمنٹ اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور اربن نائزیشن کے شعبوں میں جامع اور پائیدارپالیسیوں کے تحت اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ترقی کے لئے انفراسٹراکچر ناگزیر ہے اور پنجاب حکومت نے اس طرف اپنی بھرپو ر توجہ مرکوز کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وژن کے حامل لیڈر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سی پیک سے استفادہ کرنے کیلئے پنجاب میں استعداد بڑھانے کے متعدد منصوبے پر کام جاری ہے جس میں ہنر مندافراد کی تیاری بھی شامل ہے۔