پاکستان میں ملائیت کی جگہ نہیں : زرداری ہم دلوں کی جوڑتے ہیں توڑتے نہیں : بلاول

پاکستان میں ملائیت کی جگہ نہیں : زرداری ہم دلوں کی جوڑتے ہیں توڑتے نہیں : بلاول

  



اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے قائداعظم کے 141ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ملائیت کی کوئی جگہ نہیں۔ پاکستان کے بانیوں نے اسے ایک ترقی پسند، جدید، کثیرالجہتی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا جہاں قائداعظم کے الفاظ میں ریاست کا مذہب سے واسطہ نہیں ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ جمہوریت، مذہب اختیار کرنے کی آزادی اور ضمیر کی آزادی کے ساتھ ساتھ قانون کی حکمرانی پاکستان کے قیام کے رہنما اصول تھے۔ ہم کچھ لوگوں کو مذہب یا کسی بھی نام پر چند لوگوں کو اس ملک کے حوالے نہیں کر سکتے۔ سابق صدر نے کہا کہ آئیڈیالوجی اور مذہب کو بہت زیادہ غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور انہیں آزادی اظہار کو دبانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اب اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ اس بات کی اصلاح کی جائے۔ پیپلزپارٹی اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ پاکستان کے قیام کے اصولوں کا تحفظ کرے گی۔ ہم پاکستانی افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے سویلین ادارو ں اور اس عوام کو بھی خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے انتہا پسندوں اور تشدد کے خلاف عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔دریں اثنا انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر اور پاکستان کے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ حضرت عیسیٰ نے محبت، درگزر اور بھائی چارے کا سبق دیا اور یہ وہ اقدار ہیں جنہیں آج ہمیں اپنی زدگیوں میں شامل کرنے کی جتنی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر مذہبی بنیادوں پر بنائے گئے چند قوانین کے غلط استعمال کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ پارٹی اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مسیحیوں اور تمام غیرمسلموں کے خلاف ہر قسم کے امتیاز سے انہیں تحفظ دے گی اور ان کے خلاف مذہبی بنیادوں پر بنائے ہوئے قوانین کے غلط استعمال سے انہیں تحفظ دے گی۔

زرداری

حیدرآباد،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ،ایجنسیاں) سندھ میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزس (این آئی سی وی ڈی) کے تیسرے ہسپتال کے افتتاح پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم دلوں کو جوڑتے ہیں توڑتے نہیں ہیں اور اپنے بڑوں کی طرح عوام کی خدمت میں اپنی زندگی صرف کردوں گا۔حیدرآباد میں این آئی سی وی ڈی ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے دیگر شعبوں کی طرح صحت کے شعبے میں بھی کام کیا ہے تاہم این آئی سی وی ڈی کے تیسرے ہسپتال سے سندھ کے ہر شخص کو گھر کے قریب دل کا علاج میسر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سائبر نائف سرجری پر 50 سے 60 لاکھ خرچ ہوتے ہیں جب کہ سندھ میں سائبر نائف روبورٹک سرجری سکینرز کا مفت علاج کیا جارہا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے تقریب کے دروان این آئی سی وی ڈی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کسی بھی انٹرنیشنل ہسپتال کا مقابلہ کرسکتا ہے۔انہوں نے آمریت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم دلوں کو جوڑتے ہیں توڑتے نہیں، ہمارے دل اس وقت ٹوٹے جب آمر کے دور میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی اور تب بھی ٹوٹے جب آمر کے ہی دور میں محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بڑوں کی طرح عوام کی خدمت میں اپنی زندگی صرف کردیں گے ۔دریں اثناء بلاول بھٹونے کراچی سے اپنے بیان میں پاکستان سمیت پوری دنیا میں آباد عیسائی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ مظلوموں اور پسماندہ طبقات کے لیے لڑی ہے۔پیپلز پارٹی نے غیرمسلموں بشمول عیسائی بھائیوں اور بہنوں کو ہمیشہ برابر کا شہری تسلیم کیا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے نظریئے کی حقیقی وارث پیپلزپارٹی ہے۔ملک میں پہلی بار پیپلز پارٹی نے غیرمسلموں کو سینیٹ میں نمائندگی دی اور دو درجن سے زائد پارٹی کے غیر مسلم ورکرز کو ضلعی کاؤنسلز، میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیوں میں چیئرمین و وائس چیئرمین منتخب کرایا ہے۔

بلاول بھٹو

مزید : علاقائی