سیہون : مسافر کوچز میں تصادم ، بچوں اور خواتین سمیت 10جاں بحق ، متعدد زخمی
سیہون(مانیٹرنگ ڈیسک )سیہون میں سن کے قریب انڈس ہائی وے پر حادثہ پیش آیا ہے جس میں10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دو مسافر کوچز کی سوزوکی سے ٹکر ہوئی، جس کے باعث حادثے پیش آیا سوزوکی میں سوار9افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں تاہم ذرائع کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والوں میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔سوزوکی لاڑکانہ سے سیہون آرہی تھی۔حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ حادثے کا شکار کوچز کے ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔ انڈس ہائی وے پر کوچز اور مسافر بردار سوزوکی میں تصادم کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہوگئے۔نجی چینل کے مطابق انڈس ہائی وے پر چھچر بس اسٹاپ کے قریب کراچی سے لاڑکانہ جاتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی 2 کوچز اور مسافر بردار سوزوکی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار 10 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں 5 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں جن کی شناخت جمال، کامل، جمشید، احمد، جمیل، ریشمہ، سائرہ، اجوا، اقرا اور صائمہ کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق لاڑکانہ کے علاقہ شیخ محلہ سے بتایا جاتا ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تمام لاشوں کے ساتھ زخمیوں کو بھی پولیس موبائلوں میں مانچھر اور جامشورو کے اسپتال روانہ کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ہونے والے 15 افراد میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم دونوں کوچز کے ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو چکے تھے۔