مسیحی برادری آج کرسمس مذہبی جوش و خروش سے منائیگی

مسیحی برادری آج کرسمس مذہبی جوش و خروش سے منائیگی

  



لاہور ( این این آئی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش اور روایتی جذبہ کے ساتھ منائے گی ۔کرسمس ٹریز کی تیاری کے ساتھ ساتھ تمام چرچز کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے ۔کرسمس کی مناسبت سے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات ہونگی جہاں مسیحی برادری کے افراد مذہبی تقریبات کی ادائیگی اور عبادات کریں گے ،اس موقع پر ملکی ترقی ، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس دن کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی دنیا میں تشریف آوری کو امن و خوشی کے دن کی بشارت کی یاد تازہ کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ مسیحی برادری کے افراد اپنی عبادت گاہوں میں جمع ہوتے ہیں جہاں اس دن کی یاد تازہ کی جاتی ہے۔مختلف تاریخی واقعات کو چھوٹے چھوٹے ڈراموں کی صورت میں پیش کرکے دہرایا جاتا ہے۔ اس موقع پرملک دنیا بھر کے حکمرانوں اور عوام کی خیر و عافیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ اس پرمسرت موقع پر سانتا کلاز کے روپ میں ایک شخص بچوں میں کھلونے اور دیگر تحائف تقسیم کرتا ہے۔ مسیحی اس دن کو بڑا دن یا بڑی عید قرار دیتے ہیں۔کرسمس کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ عبادتگاہوں میں آنے والے مسیحیوں کو جامہ تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت ہو گی ۔مسیحی عبادتگاہوں کی طرف آنے والے راستوں کی ناکہ بندی کی جائے گی ۔عبادتگاہوں کے اندر اور چھتوں پر بھی سکیورٹی تعینات ہو گی ۔پولیس افسر سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کے لئے پٹرولنگ کریں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...