قائداعظم ؒ کا یوم پیدائش آج قومی جذبے سے منایا جائیگا،عام تعطیل ہو گی
لاہور/ اسلام آباد /کراچی ( این این آئی) بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کا 141واں یوم پیدائش آج 25دسمبر (سوموار)کو انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوگا جس میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی سے ہوگا ۔مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ حکومتی ،عسکری اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گی جومزار قائد پر حاضری دے کر پھول چڑھائیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی ۔ یوم قائد اعظم ؒ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر میں سیمینار ، کانفرنسز اور مذاکروں کا اہتمام کیا جائے گا ۔ریڈیو پاکستان کی جانب سے بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے اور قوم کے لیے ان کی انتھک جدوجہد کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرام پیش کئے جارہے ہیں جس کا سلسلہ کل تک جاری رہے گا ۔سرکاری و نجی ٹی وی چینلز بھی بانی پاکستان کی شخصیت کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کریں گے جبکہ اخبارات و رسائل خصوصی مضامین شائع کریں گے ۔
یو م پیدائش