بانی پاکستان کا سبق فراموش کرنے سے مسائل پیدا ہوئے،صدر،وزیراعظم

بانی پاکستان کا سبق فراموش کرنے سے مسائل پیدا ہوئے،صدر،وزیراعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستانی قوم آج قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ ولادت کا جشن منا رہی ہے۔اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ بانئ پاکستان کی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت ہر گزرے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔قومی تاریخ بتاتی ہے کہ بابائے قوم کی دور اندیش نگاہوں اور سیاسی بصیرت نے آنے والے وقت کا بخوبی اندازہ لگا لیا تھا اور قوم کے لیے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط جیسے زریں رہنما اصول وضع کر دیے تھے ۔آج کا دن ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ قومی حالات کا بغورجائزہ لیاجائے ۔اس وقت قوم جن مسائل میں گھری ہوئی ہے، اس کی ایک بڑی وجہ فرمودات قائد سے رو گردانی بھی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ بانیان پاکستان نے جو سبق ہمیں سکھایاتھا، اسے فراموش کردیا گیا جس کی وجہ سے گوناگوں مسائل پیدا ہوئے۔ آج سیاسی، معاشی، معاشرتی، مذہبی اور اہم ترین انتظامی امور میں ہمیں جن دشواریوں کا سامنا ہے،ان پر قانون اور آئین پر عمل درآمد کے ذریعے قابو پا کر ہی اقتصادی استحکا م اور ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا یہ دن ہمارے لیے بحثیتِ قوم، انفرادی اور اجتماعی طورپر، خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج کا دن جہاں اپنے عظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے وہاں انکے افکار و سوچ کوتازہ کرنے اور اس نظریے کوبنیاد بنا کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کا بھی دن ہے۔ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے عمر بھرٹھوس دلائل اور جمہوری اصولوں کی بنیاد پر مسلمانانِ ہند کے مذہبی، سماجی اور اقتصادی حقوق اور تشخص کا مقدمہ لڑا۔ برصغیر پاک و ہند میں انگریز کے تسلط اور ہندو سامراج کی ریشہ دوانیوں کا شکار بننے والی مسلمان قوم کو قائداعظم نے نہ صرف مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پراکٹھا کیا بلکہ اپنی جمہوری تگ و دوکے نتیجے میں ایک ایسی ریاست کی تشکیل کو ممکن بنایا کہ جہاں رنگ ونسل، مذہبی، لسانی یا دیگر کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں حقوق و مواقع حاصل ہوں۔
پیغام