میئر اور ڈپٹی میئر ملتان کے مابین محاذ آرائی شدت اختیار کرگئی

میئر اور ڈپٹی میئر ملتان کے مابین محاذ آرائی شدت اختیار کرگئی

  



ملتان (سٹاف رپورٹر ) میئر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں اور ڈپٹی میئر سعید احمد انصاری کے مابین محاذ آرائی شدت اختیار کر گئی ۔ڈپٹی میئر حاجی سعید احمد انصاری کو تاحال اپنے(بقیہ نمبر29صفحہ12پر )

دفترمیں بیٹھنا نصیب نہ ہو سکا ۔مسلم لیگ(ن)کے سرکردہ رہنما‘ ارکان اسمبلی اور یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین 2دھڑوں میں بٹ جانے کے باعث صورتحال سنگین ہو گئی ۔ مسلم لیگی قیادت نے’’ آنکھیں بند کرلیں‘‘ تفصیل کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید ارائیں کے بھائی چوہدری نوید الحق ارائیں ‘ سابق ایم پی اے حاجی سعید احمد انصاری‘ ایم پی اے حاجی احسان الدین قریشی کے بیٹے منور احسان قریشی‘ گورنر پنجاب کے بھانجے اعجاز رجوانہ اور دیگر مختلف امیدوارمیدان میں آئے۔ بعد میں چوہدری نوید الحق ارائیں اور حاجی سعید احمد ارائیں مد مقابل رہ گئے ۔پھر مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت کے حکم پر چوہدری نوید الحق ارائیں میئر اور حاجی سعید احمد انصاری اور منور احسان قریشی ڈپٹی میئر زکے امیدوار نامزد و کامیاب ہوئے۔ اس وقت سے ہی میئرچوہدری نوید الحق ارائیں اور ڈپٹی میئر حاجی سعید احمد انصاری کے مابین محاذ آرائی چل رہی ہے۔میئر چوہدری نوید الحق ارائیں کے حمایتی گروپ میں ان کے بڑے بھائی سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید ارائیں ‘ مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری وسابق ایم این اے شیخ طارق رشید‘ایم این اے عبدالغفار ڈوگراور ایم پی اے احسان الدین قریشی ہیں جبکہ ڈپٹی میئر حاجی سعید احمد انصاری کے حامی گروپ میں ایم این اے سلطانہ شاہین ‘ایم پی اے رانا محمود الحسن‘مسلم لیگ(ن) ضلع ملتان کے صدر بلال بٹ شامل ہیں ۔ یہ دونوں گروپ ایک دوسرے کی بھرپور مخالفت کر رہے ہیں۔ ڈپٹی میئر حاجی سعیداحمد انصاری گروپ کے مطابق میئر نوید الحق ارائیں جان بوجھ کر ان کے علاقوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ ان کے حامی یوسی چیئرمینوں کے فنڈز روکے گئے ہیں ۔ میئر چوہدری نوید الحق ارائیں نے 33 کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز اپنے صوبائی حلقہ 196میں جھونک دئیے ہیں جبکہ میئر چوہدری نوید الحق ارائیں گروپ کا کہناہے کہ ڈپٹی میئر سعید احمد انصاری مسلسل بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہے ہیں ۔ فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے ۔قیادت کی طرف سے میئر نہ بنانے پرغصے میں آکر حاجی سعید احمد انصاری مسلسل سازشیں کر رہے ہیں ۔ اسی صورتحال کی وجہ سے ڈپٹی میئر حاجی سعید احمد انصاری کو اپنے دفتر میں بیٹھنا نصیب نہیں ہو سکااور ان کی تمام توجہ میئر نوید الحق ارائیں کے خلاف بیان بازی پر ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے سرکردہ رہنماؤں نے کہا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے تنازع میں 2دھڑے بننے سے پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔قومی الیکشن قریب ہیں ۔ صورتحال یہی رہی تو پارٹی کو شدید نقصان ہوسکتا ہے ۔ اس لئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف مداخلت کرکے یہ مسئلہ حل کریں ۔

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...