ٹرمپ کے فیصلے کیخلاف اقوام متحدہ کی قرارداد حق کی فتح ہے،معراج الہدی
کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ کھولنے والے ٹرمپ کے فیصلے کیخلاف اقوام متحدہ کی قرارداد کی حق کی فتح جبکہ پاکستان کو دھمکیاں و’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ احسان فراموشی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانہ کھولنے والے پاگل پن والے فیصلے کیخلاف تمام دھونس ودھاندلیوں کے باوجود قرارداد کی منظوری سے صدر ٹرمپ کا غرور خاک میں ملادیا ہے، ٹرمپ کے اعلان کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں منظوری کی جانے والی قرارداد اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا اب طاقت اور دھونس دہمکی کی بجائے جرئت، آزادی اور انصاف کے اصولوں پر چلے گی، ٹرمپ انتظامیہ ’’کھیسانی بلی کھمبا نوچے‘‘ کے مترادف اب وہ اپنی خفت مٹانے کیلئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے حالانکہ پاکستان نے نام نہاد دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اتحادی بن کر 70ہزار عوام کی شہادت ،لاکھوں عوام کی ہجرت اور معیشت تباہ کرنے کی صورت میں قربانی دے چکا ہے جس کا خیمازہ ہمارے عوام بھوک وافلاس، مہنگائی کی صورت میں آج بھی بھگت رہے ہیں۔پاکستان کی ان قربانیوں کا احترام اور شاباش دینے کی بجائے دہمکیاں احسان فراموشی اور پاکستان مخالف جارحانہ عزائم کا اظہار ہے۔