قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو عظیم بنایا جاسکتا ہے،مراد علی شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر )وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ آزاد مسلم ریاست حاصل کرنے کیلئے تحریک آزادی چلائی،اپنی انتھک محنت،ولولہ انگیز اور کرشمہ ساز قیادت کی بدولت کامیابی حاصل کی، جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر مسلمانوں کیلئے ایک آزاد مملکت پاکستان وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل پاکستان کے مضبوط مستقبل کیلئے قائداعظم محمد علی جناح نے ایسے اصول چھوڑے ہیں کہ جن پر کاربند رہ کرپاکستان کو ترقی کی عظیم منزل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار اور ملک و قوم کے مفادات کے مطابق کام کر ر ہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ہم اس کیلئے ماضی کی طرح قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے اور اپنے قائدین شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم سب مل کر قائد اعظم محمد علی جناح کے زرین اصولوں اتحاد، تنظیم، یقین محکم پر کاربند رہ کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ہونے والے سفر کو مزید موثر بنائیں۔