مسیحی برادری کرسمس کی خوشیوں میں کھو گئی، گرجا گھروں میں تقریبات,سکیورٹی سخت

مسیحی برادری کرسمس کی خوشیوں میں کھو گئی، گرجا گھروں میں تقریبات,سکیورٹی سخت
مسیحی برادری کرسمس کی خوشیوں میں کھو گئی، گرجا گھروں میں تقریبات,سکیورٹی سخت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری آج مذہبی تہوار کرسمس نہایت جوش و خروش اور مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ کرسمس کی خوشی میں تمام گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کی دعائیں بھی مانگی گئیں، مسیحی برادری نے اس دن کو منانے کیلئے کرسمس ٹری سجانے کے ساتھ ساتھ تمام چرچوں کو بھی برقی قمقموں سے سجا دیا ہے جبکہ مسیحی آبادیوں میں چراغاں بھی کیا گیا ہے۔


ادھر وفاقی پولیس نے شہر بھر میں گرجا گھروں کی سکیورٹی سخت کردی ہے جبکہ تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گرجا گھروں سمیت تمام اہم مقامات پر سکیورٹی سخت رکھیں۔ راولپنڈی میں کرسمس کی تقریبات کےلئے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا، اہم چرچوں پر قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے اہلکاروں کو بھی تعینات کر دیا گیا۔


کرسمس کے موقع پر ہسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ صدرمملکت ممنون حسین نے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم ولادت حضرت عیسیٰؑ صبر، برداشت، نیکی اور خیر خواہی کی آسمانی تعلیمات کی یاد دلاتاہے۔ پاکستان کی مسیحی برادری نے وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور خاص طور پر طبی اور تعلیمی شعبوں میں جو خدمات انجام دی ہیں، پاکستانی قوم اور حکومت دل سے ان کی قدر کرتی ہے۔


کرسمس کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ نے تمام انسانوں کو نیک اور پاک صاف زندگی گزارنے میں رہنمائی مہیا کی اور ان پر زور دیا کہ وہ خدا سے رحمت کے طلب گار ہوں۔ اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایازصادق، ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشیداحمد شاہ نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور پاکستان میں رہنے والی مسیحی برادری کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔

لائیو ٹی وی دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک کریں