’پاکستان کسی سے نوٹس نہیں لے گا، آؤ امریکہ کو تنہا کردیں ‘ رضا ربانی نے یہ بیان دیا تو پیپلز پارٹی نے ان کے خلاف بڑا قدم اٹھالیا

’پاکستان کسی سے نوٹس نہیں لے گا، آؤ امریکہ کو تنہا کردیں ‘ رضا ربانی نے یہ ...

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)6 ملکی سپیکرز کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی امریکہ مخالف تقریر کے کچھ ہی گھنٹے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے ان کے بیان سے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے ان کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دے دیا۔

بلاول ہاﺅس کراچی سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سینیٹر رضا ربانی نے جس وقت چیئرمین سینیٹ کیلئے الیکشن لڑا اس وقت انہوں نے پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اس لیے ان کی طرف سے دیے جانے والے تمام بیانات ان کی ذاتی آرا ہیں اور انہیں ان کی ذات تک ہی محدود رکھا جائے۔

انگریزی روزنامے ڈان کے مطابق جب پیپلز پارٹی کے اس بیان کے بارے میں بلاول ہاﺅس کراچی میڈیا سیل کے سربراہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ بیان پارٹی لیڈر شپ کی ہدایت پر میڈیا کو جاری کیا ہے اور اسے اس بات کا قطعی طور پر علم نہیں ہے کہ پارٹی لیڈر شپ کو میاں رضا ربانی کے بیان کے کس حصے پر تحفظات تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان اپنی سالمیت پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گا،وقت آگیا ایشیا اپنی قسمت کے فیصلے خود کرے،رضا ربانی

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور ترجمان فرحت اللہ بابر سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی اظہارِ لا علمی کیا اور کہا کہ جب سیاسی جماعتیں خارجہ پالیسی کے حوالے سے بیانات جاری کرتی ہیں تو اس میں نرم زبان کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ کوئی انفرادی حیثیت میں سخت زبان استعمال کرسکتا ہے، لیکن سیاسی جماعتیں اس حوالے سے انتہائی محتاط ہوتی ہیں۔

لائیو ٹی وی پروگرامز، اپنی پسند کے ٹی وی چینل کی نشریات ابھی لائیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

واضح رہے کہ اتوار کے روز 6 ملکی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا تھا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا سارا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے جبکہ وہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو بھی تسلیم نہیں کرتا۔ امریکہ مسلم ممالک میں بے امنی پھیلانے میں ملوث ہے بالخصوص مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہوتا جا رہا ہے اور امریکہ کوشش کر رہا ہے کہ خطے میں بھارت کو پولیس والے کا کردار سونپ دے۔ ’پاکستان ایک خود مختار ملک ہے جو کسی بھی ملک سے نوٹسز لینے کا عادی نہیں ہے، آﺅ مل کر امریکہ کو تنہا کردیں‘۔

مزید : قومی /سیاست