وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا،جنوبی پنجاب کی شکایت دورکرنے کا اعلان!

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا،جنوبی پنجاب کی شکایت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیاسی ڈائری
شوکت اشفاق

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ شریف کی تعمیر وترقی کیلئے 2ارب94کروڑ روپے کے 13منصوبوں کا افتتاح اورسنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شوبازی کرتے ہیں نہ زیادہ باتیں، تبدیلی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی اب پسماندہ علاقے بھی ترقی کے سفر میں شامل ہوگئے، سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے فنڈز دیگر منصوبوں پر خرچ کیے گئے اورہم نے جنوبی پنجاب کے فنڈزکسی اورمنصوبے یا شہرمیں منتقل کرنے پر پابندی عائد کردی،پنجاب کے ہرعلاقے میں ترقی کے ثمرات پہنچیں گے۔ وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف کے عہدیداروں اورکارکنوں سے بھی ملاقات کی اورکہا کہ جنوبی پنجاب کے علیحدہ سیکرٹریٹ کے لئے 3 ارب روپے بجٹ میں مختص کر چکے ہیں۔ا ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں لہٰذاڈلیور کریں گے، بہانے نہیں بنائیں گے۔عثمان بزدارسے تونسہ میں پولیس کے شہید سپاہی محمد سلمان کے والد اوربیٹے نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید سپاہی محمد سلمان کے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کا چیک دیا۔ شہید سپاہی کی جرات اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بارڈر ملٹری پولیس اوربلوچ لیویز کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے بارڈر ملٹری پولیس اوربلوچ لیویزکو فراہم کی جانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے بارڈر ملٹری پولیس کے ترقی پانے والے 6افسران کو بیچ بھی لگائے۔ وزیراعلیٰ نے بارڈر ملٹری پولیس اوربلوچ لیویز کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار روایات کی حامل بارڈر ملٹری پولیس اوربلوچ لیویزپر فخر ہے کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں پر پیشرفت،امن وامان کی صورتحال اور صفائی کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت مرحلہ وار جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اورامن وامان کی صورتحال میں یقینی بہتری لانے کے لئے موثر اقدامات کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ پولیس اور بارڈر ملٹری پولیس کے اشتراک سے مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کی جائیں۔وفاقی وزیر مملکت زرتاج گل نے وزیراعلیٰ کی طرف سے ڈیرہ غازی خان کے لئے ترقیاتی پیکیج کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ مشیر حنیف پتافی نے کہاکہ اعلیٰ انتظامی ٹیم سے بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ سرداراحمدعلی دریشک نے کہاکہ عثمان بزدار کا وزیراعلیٰ پنجاب ہونا جنوبی پنجاب کی خوش قسمتی ہے۔مسلم لیگ ن کے سینئررہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے دعویٰ کیا کہ مشرف دور میں اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کا دور چلتا رہا‘ ہماری خارجہ پالیسی کبھی سویلینز کے ہاتھوں میں نہیں رہی‘ عمران خان کے ہاتھوں میں بھی نہیں ہے‘ میں نے کبھی وزارت و اقتدار کی خواہش نہیں کی‘ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور حق سچ کی آواز بلند کی ہے‘ اس سلسلے میں مصائب جھیلنا پڑے مگر ہمیشہ اپنے ضمیر کی آواز پر فیصلے کئے‘ مشرف دور میں مجھے 2بار وزارت کی پیش کش کی گئی مگر میں نے انکار کر دیا اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا کیونکہ میں نے ڈکٹیٹر کو تسلیم ہی نہیں کیا‘2020 اہم تبدیلیوں کا سال ہوگا۔مشرف کا فیصلہ پاکستان کی تاریخ کا ایک چمکتا ہوا سنگ میل ہے۔ اب بھی پاکستان میں غیر اعلانیہ مارشل لاء ہے جس کی وجہ سے کوئی مائی کا لال مشرف جیسے ڈکٹیٹر کو پھانسی نہیں لگا سکتا لیکن ہم اپیل کرتے ہیں کہ خارجہ، داخلہ اورمعاشی پالیسیوں کے حوالے سے عمران خان کوفیصلے کرنے دیئے جائیں، یہی حالات رہے تو عمران خان خود نئے الیکشن کا اعلان کردیں گے۔ آئین نے مارشل لاء لگانے والے جرنیل کو غدار اور سزائے موت کا حکم دیا ہے لیکن فیصلہ پر ایسے شور مچایا گیا جیسے ہم انڈیا سے کوئی جنگ ہارگئے ہوں۔ ملائشیا سمٹ میں شرکت نہ کرکے یہ ثابت ہوگیا کہ ہماری خارجہ پالیسی حکومت نہیں کوئی اورچلارہا ہے۔ درجنوں جرنیل ڈکٹیٹرز کے خلاف کتابیں لکھ چکے ہیں۔ مشرف ایک سیاسی جماعت کا سربراہ ہے‘ اس کے دفاع میں عدلیہ جیسے اداروں کے خلاف مہم نہ چلائی جائے۔ملتان میں اپنی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ ہماری آئینی تاریخ والا ملک کہیں اور نہیں جہاں چار مارشل لاء لگے، ہمارے دریا، مشرقی پاکستان، سیا چن اور معیشت بربادہوگئی۔ بھٹونے بڑی مشکل سے 73کا آئین بنایا گیا جس کو باربار توڑا گیا۔ 40 سال ڈکٹیٹرز کی حکومتیں رہی ہیں۔ عمران خان کے پلے کچھ نہیں لیکن مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان کو چلنے دیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے قانونگوئی سطح پر پنجاب کے پہلے اراضی ریکارڈ سنٹر کا افتتاح جبکہ اڈہ دفتر موڑ سے ڈانوراں،ٹھٹی سمیجہ، راجہ پور تا نیشنل ہائی وے کارپٹ روڈ کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیر مال پنجاب کرنل(ر)ملک انور، وزیر جیل خانہ جات چوہدری زوار حسین وڑائچ،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نذیر خان بلوچ و دیگر رہنما بھی جہانگیر ترین کے ہمراہ تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ لودھراں میں قانونگوئی سطح پر 8 نئے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر 98 ملین روپے خرچ ہونگے۔ جنوری کے آخر تک یہ سنٹرز بن جائیں گے۔
دوسری طرف ایڈیشنل سیشن جج ملتان کاشف قیوم نے توہین رسالت اور شان خداوندی میں گستاخی کے الزام میں گرفتار جامعہ زکریا کے سابق وزیٹنگ لیکچرار جنید حفیظ کے خلاف فیصلہ سنا دیا، فا ضل عدالت نے ملزم کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 سی میں سزائے موت اور 5لا کھ رو پے، 295 بی میں عمر قید اور 295 اے میں دس سال قید کے ساتھ ا یک لا کھ روپے، مجموعی طور پر چھ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کا حکم سنایا ہے جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کا حکم سنایا ہے۔فاضل عدالت میں پولیس تھانہ الپہ کے مطابق ملزم کے خلاف 13 مارچ 2013 میں مذہبی منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج کیا گیا جس میں الزام کیا گیا تھا کہ ملزم جامعہ زکریا میں عارضی ٹیچر تعینات تھا کہ ایک روز پولیس کو اطلاع ملی کہ یونیورسٹی میں چند طلباء احتجاج کررہے ہیں جس پر پولیس نے تفتیش شروع کی تو معلوم ہوا کہ ملزم نے یونیورسٹی کے شعبہ انگلش میں نوٹس بورڈ پر امہات المومنین اور رسول اقدس کی شان میں شدید قسم کی گستاخی کی گئی جس پر حکام نے ملزم کے خلاف فوری کارروائی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔
پنجاب بار کونسل کی جانب سے لاہور میں وکلاء اور ڈاکٹرز کے درمیان تنازعہ اور وکلاء کی گرفتاریوں کے خلاف صوبہ بھر میں وکلاء کے احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے اس حوالے سے پنجاب بار نے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں اس امر پر مایوسی اور دکھ کا اظہار کیا گیا کہ بے گناہ تمام گرفتار وکلاء کو رہا کیا گیا نہ ہی مقدمات سے دہشت گردی کی دفعات کو ختم کیا گیا۔ بلکہ حکومت نے انتہائی سردمہری کا مظاہرہ کیا اور اجلاس میں طے پایا گیا کہ وہ ایک گھنٹہ کے لئے ہر بار ایسوسی ایشن احتجاجی دھرنا بھی دے گی اس حوالے سے ملتان بار پنجاب بار کی ہدایت پر عملدرآمد کرے گی۔

مزید :

ایڈیشن 2 -