کراچی: کرسمس اور نئے سال کیلئے سکیورٹی پلان منظورکرلیے گئے 

Dec 25, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یوم قائداعظم، کرسمس اور سال نو کی تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان کی منظوری دے دی گئی۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز ہیڈکوارٹر (سندھ)میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی سمیت حساس ادروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں یوم قائد، کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کی مناسبت سے سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران عادی جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن تیز کرنے، کراچی کے داخلی و خارجی راستوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کو مزید سخت بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں حکومت کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں سال نو کے موقع پر اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ پر پابندی یقینی بنانے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران یوم قائد، کرسمس اور نئے سال کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور کسی بھی قسم کے سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل منظور کیا گیا۔

مزیدخبریں