کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے علاقے پاکستان بازار میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ڈکیت گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کے مطابق جرمن اسکول کٹ کے قریب 5 مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی کے دوران دو مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل، 9 ایم ایم کے دو پستول، گولیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ موٹرسائیکل کے انجن اور چیسی نمبر تبدیل کیے گئے تھے، جو کہ اسلحے کے زور پر چھینی گئی تھی۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عباس ولد محمد عظیم اور صمد ولد ندیم کے نام سے ہوئی ہے۔ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں اور چھینی گئی موٹرسائیکلز اور موبائل فونز کو ایران اسمگل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ فرار ہونے والے تین ساتھی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔