چوہنگ میں لڑکی کا قتل، حنا پرویز بٹ  مقتولہ کے گھر  پہنچ گئیں ، والدہ سے اظہار تعزیت، انصاف کی یقین دہانی  کرا دی 

Dec 25, 2024 | 03:24 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )چوہنگ میں لڑکی کا قتل، چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی  حنا پرویز بٹ  مقتولہ کے گھر  پہنچ گئیں ، والدہ سے اظہار تعزیت کیا اور انصاف کی یقین دہانی  کرا دی ۔

تفصیلات کے مطابق چوہنگ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بھائی نے کھانے میں تاخیر پر اپنی بہن کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ مقتولہ ایک سکول ٹیچر تھی اور اس المناک واقعے کا مقدمہ والدہ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ مقتولہ کے گھر پہنچیں اور اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ملزم کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔

 چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی  حنا پرویز بٹ نے مزید  کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر موجودہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور اس واقعے میں ملوث ملزم کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید سخت قوانین نافذ کرے گی تاکہ خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مزیدخبریں