ہمیں قائد اعظم کے فلسفۂ زندگی کو اپنانا ہوگا،بیرسٹر امجد ملک 

Dec 25, 2024 | 03:33 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج 25 دسمبر کو ہم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کو عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔یہ دن ہمیں اس عظیم قائد کی قربانیوں، عزم، اور جرأت کی یاد دلاتا ہے۔قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیٰحدہ وطن کا خواب دیکھا۔ انہوں نے  اسے حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنی ساری زندگی وقف کر دی۔قائداعظم نے ہمیں اتحاد، ایمان، اور  تنظیم  کے اصولوں پر چلنے کی تعلیم دی۔ ان کی قیادت میں ہمیں ایک آزاد اور خودمختار وطن ملا، جہاں ہم اپنے حقوق اور آزادی کی قدر کرسکیں۔آج جب ہم پاکستان میں آزادی کی فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔

وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے مزید کہا کہ ہمیں ان کی رہنمائی اور فلسفہ زندگی کو اپنانا ہوگا تاکہ ہم اپنے ملک کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔ قائداعظم کا پیغام صرف سیاسی نہیں تھا، بلکہ انہوں نے ہمیں ایک اخلاقی اور اجتماعی فریم ورک دیا۔ آج کے دن، ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ ہم ان کے وژن کو اپنے عمل میں لائیں گے۔ ہم پاکستان کو قائد اعظم کی خواہش کے مطابق ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنائیں گے۔

مزیدخبریں