قائد اعظم نے پاکستان کو  مضبوط اور خودمختار ریاست بنانے کی راہ دکھائی: وزیر معدنیات  شیر علی گورچانی

Dec 25, 2024 | 03:40 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج 25 دسمبر کو ہم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کو پوری قوم کے ساتھ مل کر مناتے ہیں۔ قائد اعظم نے اپنے عزم، حکمت اور قربانیوں سے پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی۔ قائداعظم کی عظمت صرف ان کی سیاسی بصیرت میں نہیں بلکہ ان کے اصولوں اور ویژن میں بھی چھپی ہوئی ہے۔  قائد اعظم نے ہمیں پاکستان کو ایک مضبوط اور خودمختار ریاست بنانے کی راہ دکھائی۔قائداعظم نے ہمیشہ اپنے عوام کی فلاح و بہبود، انصاف اور مساوات کے اصولوں پر زور دیا۔ ان کے فلسفے کے تحت ہمیں اپنے قومی وسائل، بشمول معدنیات، کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم قائداعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لائیں گے  تاکہ ہمارے معاشی حالات میں بہتری آئے اور ہم عالمی سطح پر ایک مستحکم قوم کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں۔ ہمیں اپنے تمام وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ملک کو خوشحال بنانا ہے۔ہمیں قائداعظم کی تعلیمات کو اپنے عمل میں ڈھالنا ہے،ان پر عمل کرتے ہوئے ہی ہم ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کر سکیں گے۔

مزیدخبریں