اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کمیٹی بالکل بااختیار ہے لیکن فیصلے بانی پی ٹی آئی نے کرنے ہیں۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ مذاکرات میں پہلا مطالبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے، ملاقات کے لئے مناسب ماحول دیا جائے جس میں مشاورت ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر کوئی بھی بات چیت بے معنی رہے گی۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا مزید کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن خیبر پختون خوا کا بنیادی حق ہے، مخصوص نشستیں اور سینیٹ الیکشن ہمارا مطالبہ ہے۔
اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ ملٹری کورٹس کے فیصلے کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے۔