کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے 4 ارب 44 کروڑ روپے کی سمگل شدہ اشیا ءاور منشیات نذر آتش کردیں

Dec 25, 2024 | 08:12 PM

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے 4 ارب 44 کروڑ روپے کی سمگل شدہ اشیاء اور منشیات کو نذر آتش کردیا۔
نجی ٹی وی "ایکسپریس نیوز" نے ترجمان کسٹم کے حوالے سے بتایا کہ اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سیکٹر کمانڈر سچل رینجرز بریگیڈیئر کبیر تھے علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے ادارے، سندھ رینجرز، سندھ پولیس اور کسٹمز افسران بھی موجود تھے۔
تقریب میں 2 ارب 63 کروڑ سے زائد مالیت کی 5 ہزار کلو گرام منشیات نذرِ آتش کی گئی۔ 48 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی شراب کی 26 ہزار بوتلیں تلف کی گئیں۔ 44 کروڑ 6 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی 5 لاکھ کلوگرام مضرِ صحت چھالیہ بھی تلف کیا گیا۔ 38 کروڑ 28 لاکھ 90 ہزار روپے مالیت کا 27 ہزار کلوگرام انڈین گٹکا نذرِ آتش کیا گیا۔ 4 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی 47 ہزار 460 کلو گرام مضرِ صحت میٹھی چھالیہ نذرِ آتش کی گئی۔
کسٹم کے مطابق 3کروڑ 92 لاکھ روپے مالیت کا 32 ہزار کلوگرام چائنیز سالٹ اجینوموتو نذرِ آتش کیا گیا۔ 36کروڑ 28 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کے 1 لاکھ 1 ہزار کارٹن غیر ملکی سگریٹ جلائے گئے، 92 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کی 1870 کلوگرام نسوار تلف کردی گئی۔ 61 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کا 1400 کلوگرام شیشہ فلیور بھی تلف کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق 57 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی ممنوعہ زائد المیعاد ادویات، 20 کروڑ 68 لاکھ 70ہزار روپے مالیت کا کاسمیٹکس کا سامان، 20 لاکھ روپے کی زائد المیعاد اشیاء خورونوش بھی تلف کی گئیں۔

مزیدخبریں