ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) سائبیریا کے سائنسدانوں نے 50 ہزار سال سے زائد عرصہ پرانے نوجوان میمتھ کی حیرت انگیز طور پر محفوظ باقیات دریافت کی ہیں، جو پگھلتے ہوئے برفیلے علاقے سے ملی ہیں۔ یہ مخلوق جو ایک چھوٹے ہاتھی سے مشابہت رکھتی ہے کو بطاغائیکا کریٹر سے برآمد کیا گیا۔ یہ کریٹر ایک وسیع گڑھا ہے جو 80 میٹر (260 فٹ) سے زیادہ گہرا ہے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں مسلسل بڑھ رہا ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق میمتھ کا وزن 110 کلوگرام سے زیادہ ہے اور اسے ایک دیسی سٹریچر کی مدد سے سطح پر لایا گیا۔ یاکوتسک شہر میں لازاریو میمتھ میوزیم لیبارٹری کے سربراہ میکسم چرپاسوف کے مطابق یہ میمتھ شاید اپنی موت کے وقت ایک سال سے کچھ زیادہ عمر کا تھا لیکن سائنسدان ٹیسٹ کے ذریعے اس کی عمر کی مزید تصدیق کریں گے۔چرپاسوف نے کہا کہ اس کے سر اور سونڈ کا محفوظ رہنا ایک غیر معمولی بات ہے۔
یہ دریافت روس کے برفیلے علاقے میں حالیہ شاندار انکشافات کی ایک کڑی ہے۔ پچھلے مہینے اسی شمال مشرقی علاقے جسے سخا یا یاکوتیا کے نام سے جانا جاتا ہے، میں سائنسدانوں نے 32 ہزار سال پرانے چھوٹے سیبر دانت والے شیر کے بچے کی باقیات دریافت کی تھیں ، جب کہ اس سال کے آغاز میں 44 ہزار سال پرانے بھیڑیے کی باقیات دریافت کی گئی تھیں۔