مقبوضہ کشمیر میں سوائن فلو سے ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری،مزید 2افراد جاں بحق

مقبوضہ کشمیر میں سوائن فلو سے ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری،مزید 2افراد جاں ...

  

 سرینگر(کے پی آئی)سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں خنزیری بخار کے دو مشکوک مریضوں کی موت سے اب تک اب اس بیماری میں مرنے والوں کی تعداد 8تک پہنچ گئی ہے ۔ جبکہ صورہ اسپتال میں مزید 19افراد کے اس مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے ساتھ بیمار افراد کی تعداد 138تک پہنچ گئی ہے ۔ ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اتوار کی شب سے ایس ایم ایچ ایس میں دو افراد کی موت واقع ہوچکی ہے ۔ مذکورہ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ دوران شب ایک 27برس کے قمر واری کے ر ہنے والے نوجوان کو ایس ایم ایچ ایس میں داخل کیا گیا تاہم جب اس کی حالت بگڑ گئی اور ڈاکٹروں کو اس کے سوائن فلو میں مبتلا ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا تو فوری طور پر اسے درگجن منتقل کر دیا گیا کیونکہ حال ہی میں انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ درگجن میں Isolation وارڈ قائم کیا گیا ہے ۔ تاہم درگجن میں مذکورہ مریض کو آکسیجن تک فراہم نہ کی جاسکی جس کے بعد مذکورہ نوجوان دم توڑ گیا ۔ اس دوران اتوار کو سہ پہر کے وقت ایک اور نوجوان خاتون کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں لایا گیا تاہم مختصر سے وقت میں ہی اس کی طبیعت بگڑ گئی اور مشکوک طور سوائن فلو نے اس کی جان لے لی ۔ مذکورہ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ چونکہ اسپتال میں سوائن فلو کی تشخیص کا کوئی انتظام نہیں اس لئے وہ حتمی طور پر ان دو مریضوں کے اس بیماری کے شکار ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ادھر سوموار کو مزید 19افراد کے H1N1وائرس کیلئے ٹیسٹ مثبت آنے کے سات ہی وادی کشمیر میں سرکاری طور اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد138تک پہنچ گئی ہے ۔ تاہم صورہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کہ پیر کے روز اس مرض میں مبتلاکسی بھی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں 8مریض زیر علاج ہے ۔ صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے ترجمان نے بتایا کہ 2مریضوں کو اسپتال سے رخصت کیا گیا ۔گزشتہ ایک ہفتہ سے وادی کشمیر میں سوائن فلو کی بیماری میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے جس کے نتیجے میں عام لوگوں میں کافی تشویش پائی جارہی ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران اس جان لیوا بیماری کے نتیجے میں 6افراد لقمہ اجل ہوچکے ہیں جبکہ مہلک وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد اکتوبر 2014سے اب تک 138تک پہنچ چکی ہے ۔ اس ضمن میں صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک تحریری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مزید 19مریضوں کے H1N1ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے ساتھ ہی متاثرہ مریضوں کی تعداد 138تک پہنچ گئی ہے ۔ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 2مریضوں کو اسپتال سے رخصت کیا گیا جبکہ اس مرض میں مبتلاکسی بھی مریض کی آج کوئی موت واقع نہیں ہوئی ۔ ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کی جانب سے قائم کئے گئے خصوصی او پی ڈی بلاک میں پیر کے روز 250مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا جس دوران 40مریضوں کے نمونے حاصل کئے گئے جن کے نتائج آج متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں سوائن فلو مرض میں مبتلا8مریض زیر علاج ہے ۔ دریں اثنابھارت بھر میں اس مرض میں مبتلاافراد کی تعداد 14ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 832ہوگئی ہے ۔

مزید :

عالمی منظر -