فنکاروں کی فلاح وبہبودکی تنظیم 313ویلفےئر ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری

فنکاروں کی فلاح وبہبودکی تنظیم 313ویلفےئر ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری

  

لاہور(فلم رپورٹر )سٹیج ڈرامہ پروڈیوسر ایسوی ایشن کے بعد فنکاروں نے بھی اپنی فلاح وبہبودکیلئے 313ویلفےئر ایسوسی ایشن کے نام سے تنظیم بنالی ،حلف برداری کی تقریب میں فنکاروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔سٹیج سے تعلق رکھنے والے سینئر ادارکاروں نے اپنی فلاح وبہبود کیلئے 313آرٹسٹ ویلفےئر ایسوسی ایشن کے نام سے تنظیم بنانے کا اعلان کیا جس کی باقاعدہ حلف برداری کی تقریب ناز تھیٹر میں منعقد کی گئی ۔اس موقع پرسٹیج کے لیجنڈ اداکار امان اللہ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے بنائی جانے والی تنظیم کو ایک انتہائی مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہاکہ فنکار اپنی مدد آپ کے تحت خود اپنی برادری کی مدد کرسکتے ہیں ،فنکاروں کو اپنے ساتھیوں کی ویلفےئر کیلئے شو زکرنے چاہیے اور اس سے ہونے والی آمدنی مستحق فنکاروں کو دی جانی چاہیے ۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا اعلان کیا گیا جس میں شاہد خان کو چےئرمین ،قیصر پیا کو وائس چےئرمین ،منیر قادری حیدری کو صدر ،سحر عباس کو نائب صدر ،سرفراز وکی کو جنرل سیکرٹری ،علی خان کو جوائنٹ سیکرٹری ،نواز انجم کو فنانس سیکرٹری جبکہ ڈاکٹر اجمل ملک کو میڈیا کوآرڈینیٹرمقررکیاگیا ۔ عہدیداروں کے اعلان کے بعد سینئر اداکا ر حسن مراد نے تمام عہدیداروں سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب کے موقع پر اداکار طاہرانجم نے اسٹیج پر آکر چےئرمین شاہد خان کی کسی بات پر تنقید کی جس پر ایسوی ایشن کے صدر منیر قادری حیدری نے غصے میں آگئے اور تنظیم سے لاتعلقی کا اظہار کر کے ہال سے باہر چلے گئے جس پر فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ اس موقع پر ہال میں بیٹھی اداکارہ نگار چوہدری سٹیج پر آ گئی اور انہوں نے طاہر انجم کو کھری کھری سنا دیں ۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے گھر کا معاملہ ہے اور اس میں چھوٹی موٹی باتیں ہو جاتی ہیں ۔ صدر منیر قادری حیدری کا غصہ وقتی ہے اور و ہی ہمارے صدر ہیں ۔اس موقع پر فنکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی جس میں اداکار شانزہ نے 313آرٹسٹ ویلفےئر ایسوسی ایشن کیلئے ایک لاکھ روپے کا فنڈ دینے کا اعلان کیا جبکہ اداکارہ ماہ نور نے 50ہزار روپے دینے کا اعلان کرنے کے ساتھ اسٹیج ڈرامہ کے ہر سپیل سے 5ہزار روپے بھی دینے کا اعلان کیا ۔

مزید :

کلچر -