متعلقہ صنعت کی سفارشات پر نئے شارٹ کورسزمتعارف کروائے: عرفان قیصر شیخ

متعلقہ صنعت کی سفارشات پر نئے شارٹ کورسزمتعارف کروائے: عرفان قیصر شیخ

  

 لاہور (کامرس رپورٹر)صوبہ پنجاب میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم کے فروغ کیلئے ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ٹیوٹا نے متعلقہ صنعت کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے شارٹ کورسز متعارف کروا دئیے ہیں۔ اس طرح ٹیوٹا صنعت کی ضروریات کے مطابق نوجوانون نسل کو فنی تعلیم و تربیت فراہم کر رہی ہے۔نئے شارٹ کورسز سے فار غ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کے یقینی مواقع فراہم کرنے کیلئے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ گزشتہ روز ٹیوٹا سکرٹریٹ میں ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ لاہور، گوجرانوالہ / حافظ آباد ،اوکاڑہ اور قصورکے صدور اور ممبران سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں شیخ محمد ارشد ، نواز احمدباجوہ، میاں شاہد رفیع ، محمد جمیل خالد اوردیگر ممبران کے علاوہ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، جنرل مینیجر آپریشنز حامد غنی انجم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔عرفان قیصر شیخ نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور انکی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے مزید نئے شارٹ کورسز متعارف کرائیں جائے گے۔ ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے مزید موثر بنانے کیلئے مقامی صنعت کاروں اور تاجروں کو نمائندگی دی جائے گی۔ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبران ٹیوٹا اداروں کا دورہ کرینگے جہاں شارٹ کورسزشروع کئے گئے ہیں۔ چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس وقت، بے روزگاری ایک قومی مسئلہ ہے۔ٹیوٹا شارٹ کورسز کا آغاز بیروزگاری کو قابو پانے کے لئے مددگار ثابت ہو گا۔ٹیوٹا اداروں کی موجودہ انرولمنٹ کو مزید80 فیصد بڑھانے کیلئے حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ لاہور شیخ محمد ارشد، صدر گوجرانوالہ / حافظ آباد نواز احمدباجوہ اور صدر اوکاڑہ میاں شاہد رفیع ، صدر قصور محمد جمیل خالد نے کہا کہ ماضی میں ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ کا کوئی موثر کردار نہیں تھا جس سے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آ رہے تھے۔موجودہ انتظامیہ کا اچھے نتائج کے حصول کیلئے ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ کے ساتھ روابط کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے صوبہ پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کیلئے نئے شارٹ کورسز کے آغاز کو سراہا۔اس کاوش سے ٹیوٹا اداروں کے فارغ التحصیل ہنر مندوں کو ملکی و غیر ملکی سطح پر روزگار کے مواقع آسانی سے میسر ہونگے اور نوجوان نسل قومی معیشت کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے چیئرپرسن ٹیوٹا کو ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم کے فروغ کیلئے ڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے مکمل تعاون کا یقینی دلایا۔

مزید :

کامرس -