طلبہ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے،زبیر حفظ
لاہور(خبرنگار ) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق میں صحت اورتعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ طلبہ کو جاننے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا انکا بنیادی حق ہے، ایشائی ممالک طلبہ کو بنیادی حقوق سے محروم کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کے شہر استنبول میں انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (IIFSO)کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں’’ طلبہ کے بنیادی انسانی حقوق ‘‘پر خصوصی طور پر بحث کی گئی انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ، انہیں اپنے حقوق و فرائض سے آگاہ کیا جانا نہایت اہم ہے، یورپی ممالک میں دوسری جنگ عظیم کے بعد طلبہ کو ان کی بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا اور قانون سازی بھی کی گئی لیکن ایشائی ممالک بالخصوص مسلم ممالک میں طلبہ کے بنیادی حقوق کے بارے میں مؤثر قانون سازی موجود نہیں ہے۔قوموں کی کامیابیاں طلبہ کی مرہون منت ہیں۔ ناظم اعلیٰ نے مزید کہا کہ 10دسمبر 1984ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے منظور ہونے والے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کی دفعہ 20کی شق نمبر1کے تحت ’’ ہر شخص کو پُر امن طریقے سے ملنے جلنے اور انجمنیں قائم کرنے کی آزادی کا حق ہے‘‘۔1966ء میں تیار کیے گئے معاشی ،معاشرتی اور ثقافتی حقوق کے بین الاقوامی میثاق کی دفعہ 8میں ہر شخص کے اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر یونین بنانے کے حق کو تسلیم کیا گیا ہے۔