بروقت طباعت اور سنٹروں تک رسائی نہ ہونے سے پانچویں جماعت کا انگلش پرچہ منسوخ

بروقت طباعت اور سنٹروں تک رسائی نہ ہونے سے پانچویں جماعت کا انگلش پرچہ منسوخ

  

لاہور(ذکاء اللہ ملک)محکمہ تعلیم کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے جبکہ پنجاب ایگزیمینیشن کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا۔ سوالناموں کی بروقت چھپوائی اور جنوبی پنجاب کے امتحانی سنٹروں میں رسائی نہ ہونے کے باعث گزشتہ روز صوبہ بھر میں پانچویں جماعت کا انگلش کا پرچہ منسوخ کر دیا گیا، کینسل ہونے والا انگریزی کا پرچہ آج اور آج ہونے والا اردو کا امتحان کل ہو گا۔ ننھے بچوں کو امتحانی مراکز میں پیپر شروع ہونے کے چند لمحے قبل بتایاگیا کہ پیپرمنسوخ ہو چکا ہے۔ سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ شہبازشریف نے انگریزی کا پیپرمنسو خ ہونے کا نوٹس لے لیا ، صوبائی وزیرتعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپورٹ طلب۔معلوم ہوا ہے کہ پنجاب ایگزیمنیشن کمیشن نے صوبہ بھر سے 23لاکھ بچوں کے امتحان کیلئے سوالیہ پیپروں کی چھپوائی کا کنٹریکٹ صرف ایک پبلشنگ کمپنی کو دیا ہے جسکے باعث سوالیہ پیپروں کی چھپوائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہر سال پانچویں اور آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے پر چے آؤٹ ہونے سمیت امتحانی سنٹروں میں نگرانوں کی ملی بھگت سے بچوں کو پیپر حل کروانے کی شکایات آتی رہی ہیں جسکے باعث انتظامیہ نے رواں سال صوبہ بھر کے امتحانی مراکز میں سوالیہ پیپروں کی رسائی امتحانات شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل پہنچانے کا فیصلہ کیا جو کار گر ثابت نہ ہو سکا۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز منڈی ضلع بہاؤ الدین،گجرات،مظفر گڑھ،بہاولنگر اور لیہ کے امتحانی مراکز میں انگریزی پر چے کی سوالیہ کاپیاں نہ پہنچائی جا سکی اور دیگر اضلاع میں سوالیہ پر چے کو سیل پیک رکھنے اور امتحان منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے جسکے باعث بچوں اور والدین میں مایوسی پھیل گئی۔رابطہ کرنے پر سیکرٹری تعلیم عبد الجبار شاہین نے کہا کہ سوالیہ کاپیوں کی امتحانی مراکز میں بروقت رسائی نہ ہونے کے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ پانچویں کے امتحانات کی شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے پیپر منسوخ کیا گیا ۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب ایگزمینشن کمیشن شہزاد ملک نے بتایا کہ سوالیہ کاپیوں کی پرنٹنگ اور پیکنگ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے بلکہ جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے امتحانی مراکز میں سوالیہ کاپیوں کی رسائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پانچویں جماعت کا انگریزی کا پیپر ملتوی ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پیپر بروقت نہ لئے جانے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -