سی آئی اے کے ’اہلکاروں‘ کا گھر پر چھاپہ ،اہل محلہ مشتعل ، گھر میں بند کردیا

سی آئی اے کے ’اہلکاروں‘ کا گھر پر چھاپہ ،اہل محلہ مشتعل ، گھر میں بند کردیا
سی آئی اے کے ’اہلکاروں‘ کا گھر پر چھاپہ ،اہل محلہ مشتعل ، گھر میں بند کردیا

  

فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بٹالہ کالونی کے بابر چوک کے قریب واقع ایک گھر میں جوئے کی اطلاع پر سی آئی اے کے سادہ لباس اہلکاروں نے چھاپہ مارالیکن اہلخانہ نے ڈاکوسمجھ کر ’دھلائی‘ کے بعد گھر میں ہی تالالگاکر بند کردیا جبکہ باہرموجود اہلکاربھی شہریوں کے اشتعال سے بچ نہ سکا۔

تفصیلات کے مطابق جوئے کی مخبری ہونے پر سادہ لباس اہلکاروں نے پرائیویٹ گاڑی پر آکر بٹالہ کالونی میں واقع گھر میں چھاپہ مارا تو اہلخانہ نے چیخ و پکار شروع کردی اور اہل محلہ اکٹھے ہوگئے جنہوں نے ڈاکو سمجھ کر اہلکاروں کی دھنائی کرنے کے بعد گھرکو باہر سے تالالگادیاجبکہ سات اہلکار اندر قید ہوگئے ۔

ایک اہلکارگھر کے باہر موجود رہا ، اندر چیخ و پکار کی آوازیں سننے اور شہریوں کے اکٹھا ہونے پر اُس نے لوگوں کو گھر جانے سے روکنے کی کوشش کی تو وہ بھی نشانہ بن گیا جبکہ شہریوں نے گاڑی بھی توڑ دی ۔

مبینہ ڈاکوﺅں کو گھر میں بند کرنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی تو ایس پی لائل پور سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور اہلکاروں کی بازیابی کے لیے مذاکرات جاری ہیں ۔

اہل محلہ کا موقف ہے کہ اہلکار کسی اجازت کے بغیر گھر میں گھسے جہاں خواتین اور بچے بھی موجود تھے ، سادہ لباس اور پرائیویٹ گاڑی کی وجہ سے وہ ڈاکو سمجھے تھے ۔

حکام کاکہناہے کہ گھر میں جوئے کی اطلاع درست ہوئی تومتعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی لیکن اگر واقعی رہائشی گھر پر چھاپہ ہواتو متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سی آئی اے اہلکاروں کی بازیابی کیلئے اہل محلہ راضی ہوگئے ہیں جبکہ گھرمیں جوئے یا کسی غیرقانونی سرگرمیوں کے شواہد ملے ہیں ۔

مزید :

فیصل آباد -