نجی سکول میں پرنسپل کی ویڈیوبنانے والے مالک کی بلیک میلنگ کاانکشاف
فیصل آباد (ویب ڈیسک) فیصل آباد کے نواحی تھانہ کے علاقہ پینسرہ سرہالہ روڈ پر قائم پرائیویٹ یونیورسل ہائی سکول بلڈنگ مالک نے سکول کی سابقہ پرنسپل اور ایم اے اردو کی سٹوڈنٹ کی تصویریں، ویڈیو فلم بنا کر اور بیہودہ میسج بھجوا کر بلیک میل کرناشروع کردی اور حوا کی بیٹی کے اوپر جینے کیلئے زمین تنگ کردی جبکہ سابقہ پرنسپل نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بلیک میلر گروہ نے متعدد بار اغواءکرکے اجتماعی زیادتی کرنے کی کوشش کی اور پورا دن قید کئے رکھا اور ہوس پوری نہ کرنے پر بلیک میلروں نے بغیر تنخواہ کی ادائیگی کے مجھے پرنسپل کی نوکری سے فارغ کردیا اور سی پی او فیصل آباد کو درخواست دینے کے باوجود بلیک میلرز گروہ آزاد ہے اور الٹا میرے خلاف درخواست بازی شروع کردی گئی اور قانونی کارروائی کرنے پرجان سے ماردینے سمیت اغواءکرنے کی مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ یہ بات چک نمبر 81 ج ب پنڈوری کی رہائشی ثناءنے مقامی اخبار خبریں کو بتائی۔ اس موقع پر اس کی والدہ مقصوداں بی بی بھی موجود تھی۔
متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ میں اردو میں ایم اے کررہی ہوں اور گھریلو حالات کی وجہ سے میں چک نمبر 275 پینسرہ سرہالہ روڈ پر قائم پرائیویٹ یونیورسل ہائی سکول میں بطور پرنسپل ملازمت اختیار کرلی اور پندرہ ہزار روپے ماہانہ تنخواہ طے پائی اس نے بتایا کہ سکول بلڈنگ کا مالک مشتاق احمد چوہدری، ٹیچرز محمد عارف، کلرک باﺅ ذوالفقار، مدثر نوازوغیرہ ڈورے دالنے لگے اور مجھے اغواءکرکے زبردستی اجتماعی زیادتی کرنے کی کوشش کی اور سکول ٹائم سے قبل طلباءوطالبات کو چھٹی کرواکر انہوں نے مجھے کمرے میں بند کردیا اور مجھ سے غیر اخلاقی گفتگو کرنے لگے اور بداخلاقی کی طرف سے آمادہ کرتے رہے مگر میرے انکار کرنے پر انہوں نے مجھے نوکری سے فارغ کردیا اور مختلف الزام عائد کرکے الٹا مجھے بدنام کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اس نے بتایا کہ سکول میں ایسے تین چار واقعات ہوچکے ہیں اور لڑکیاں ملازمت چھوڑ کر چلی گئیں ہیں اور اب تک میرا تعاقب کررہے ہیں۔ اس امر پر متاثرہ لڑکی اور اس کے مظلوم خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب، آر پی او اور سی پی او کو ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا کر انصاف و تحفظ فراہم کیاجائے۔