معاشی استحکام کے بعد حکومت کا اگلا ہدف وسیع سرمایہ کاری کا حصول ہے ، خرم دستگیر

معاشی استحکام کے بعد حکومت کا اگلا ہدف وسیع سرمایہ کاری کا حصول ہے ، خرم ...

  

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے بعد حکومت کا اگلا معاشی ہدف ملک میں وسیع سرمایہ کاری کا حصول ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے یکم جولائی سے ایکسپورٹرز سیلز ٹیکس زیرو ریٹنگ کا اعلان کر دیا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو برآمدی نیٹ ورک میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو نئے برآمد کنندگان کی استعداد کار بڑھانے کیلئے منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان میں ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) کی سربراہ جوانہ ریڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کی بدولت تمام دنیا سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ ملک میں توانائی، انفراسٹرکچر، صنعت اور مینوفیکچرنگ میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مقامی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے چھوٹے سرمایہ کاروں کیلئے متعدد ترغیباتی پیکیجز کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج جلد ظاہر ہوں گے۔ پاکستان میں ڈی آئی ایف ڈی کی سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کرتے ہیں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کے کاروبار میں وسعت کیلئے تعاون کریں گے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں متعین ہنگری کے سفیر سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری کے ساتھ سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کا فریم ورک قائم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ دونوں ممالک کے تجارتی رجحانات کے تجزیئے کے بعد پاکستان ہنگری کیلئے بزنس اپرچیونٹی کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔

مزید :

کامرس -