ٹیوٹا4800نوجوانوں کو ایل ٹی وی کورس میں مفت ٹریننگ فراہم کرے گی

ٹیوٹا4800نوجوانوں کو ایل ٹی وی کورس میں مفت ٹریننگ فراہم کرے گی

  

لاہور ( کامرس رپورٹر): ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے اشتراک سے رواں سال کے دوران 4800نوجوانوں کو ایل ٹی وی کورس میں مفت ٹریننگ فراہم کرے گی۔ ٹیوٹا وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے جدید شارٹ کورسز متعارف کروا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹاعرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرچیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران اختر عباس بھروانہ،اظہر اقبال شاد،مصطفی کمال پاشا، مقصود احمد،عائشہ قاضی، عظمی نادیہ، سرفراز انور اور دیگر بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ایل ٹی وی کورس میں پاس بہت سے نوجوانوں کو ملٹی نیشنل اور نیشنل کمپنیوں نے روزگارفراہم کر دئیے ہیں اور بہت سی د یگر کمپنیوں نے بھی ان ڈرائیورز کو روزگار فراہم کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔ ان ڈرائیورز کو تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس کی سپیشل برانچ سے انکی سکیورٹی کلیرنس بھی حاصل کی گئی ہے ۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ مڈل ایسٹ ممالک کو اس وقت ڈارئیونگ میں ماہر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔ ٹیوٹا نے انکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ساتھ معاہدہ کیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں 1200نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کے بعد دوسرے مرحلے میں ایل ٹی وی کورس میں موٹر وے پولیس کے 36روڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں نوجوانوں کو ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

ہر ٹرینی کو ایل ٹی وی کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد ڈرائیونگ لائسنس بھی دیا جاتا ہے۔

مزید :

کامرس -