فنکاروں کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپر لیگ کا چمپئن بننے پر مبارکباد

فنکاروں کی جانب سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپر لیگ کا چمپئن بننے پر مبارکباد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(آن لائن) شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان سپر لیگ کا چمپئن بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ہونے والی پاکستان سپر لیگ اپنے ملک میں کروائی جائے تاکہ ہمارے گراؤنڈ زبھی دوبارہ آباد ہو سکیں اور لوگوں کو بھی ایک بہترین تفریح میسر آسکے۔اداکارہ ثناء ، ماہرہ خان ، ندا یاسر ، مدیحہ شاہ ، شاہدہ منی ، ریشم ، ماہ نور ، ماریہ واسطی ، ندا چوہدری ، نرگس ، میگھا ، صائمہ خان ، ہما علی ، شبنم مجید ، رابی پیرزادہ ، علی ظفر ، شہزاد رائے ، حمزہ علی عباسی ، جاوید شیخ ، شان ، افتخار ٹھاکر ، سخاوت ناز ، جان ریمبو ، اکرم اداس ، حسن مراد ، اکمل راہی ، افتخار عفی ، ڈرامہ ڈائریکٹر اے حفیظ سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں نے مصباح الحق اور ان کی ٹیم کو پاکستان سپر لیگ کا سہرا اپنے سر کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سے دنیا میں بھر میں ایک اچھا پیغام گیا ہے جس کے بعد توقع ہے کہ یہ سپر لیگ آئندہ پاکستان میں منعقد ہو گی۔پہلی پاکستان سپر لیگ کی کامیابی پر پی سی بی اور خاص طور پر نجم سیٹھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ کو دوبارہ ایک بڑا بریک تھرو دیا ہے۔ فنکاروں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑ یوں کی شمولیت نے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا ہے۔ آئندہ سال ہونے والی سپر لیگ میں دنیا بھر سے مزید سپر سٹار اس میں شرکت کے خواہشمند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری ٹیمیں بھی ہماری اپنی ہیں اور انہوں نے بھی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر فائنل کا تاج کسی ایک کے سر پر ہی سجنا تھا۔