پیسوں کی بات کرنی ہے تو سعید اجمل کو بلا لیں
دبئی(آن لائن) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نے پیشہ وارانہ کرکٹ کھیلی جو کامیابی کا باعث بنی ،پی ایس ایل کا معیار دنیا کی دوسری کرکٹ لیگز سے کسی طور بھی کم نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق میچ کے بعدپی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں رمیز راجہ نے مصباح الحق سے گفتگو کے آغاز میں انعامی رقم کی تقسیم کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے مذاق میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سوال پوچھنا ہے تو سعید اجمل کو بلا لیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج میں میچ میں انہیں کافی بڑا ٹارگٹ مل سکتا تھا لیکن بولرز نے آخری 5اوورز میں شاندار بولنگ کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 174رنز تک محدود کیا۔ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اس کے بعد ڈیوائن سمتھ اور بریڈ ہیڈن نے ٹیم پلان پر عمل کرتے ہوئے ہمیں جیت کے قریب پہنچایا۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک نے انہیں بہت سپورٹ کیا جس کے لیے وہ ان کے شکر گزار ہیں۔