برطانیہ میں مجوزہ ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے پر ہمارے ملک میں بھی اس مسئلے پر بحث شروع ہو سکتی ہے،چیک وزیراعظم
پراگ (اے پی پی) چیک جمہوریہ کے وزیراعظم بوہوسلاو سوبوتکا نے کہا ہے برطانیہ میں مجوزہ ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کی صورت میں اْن کے ملک میں بھی یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کی بحث شروع ہو سکتی ہے۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات انہوں نے دارالحکومت پراگ میں اپنے ایک بیان میں کہی۔ چیک جمہوریہ میں تین چوتھائی عوام یورپی یونین کی رکنیت پر مسرت کا اظہار نہیں کرتے بلکہ اِس میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے رواں سال 23 جون کو ملک میں ریفرنڈم کروانے کا اعلان کیا ہے اور اْس میں برطانوی عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ یورپی یونین میں رہا جائے یا اِس سے علیحدگی اختیار کر لی جائے۔