ترکی میں سیٹیوں کو زبان کے طور پر استعمال کرنے کے عمل کو عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل کرنے کی کوشش
استنبول (اے پی پی) ترکی میں سیٹیوں کو زبان کے طور پر استعمال کرنے کے عمل کو عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی۔ترکی کی تحصیل چناق چی کے نواحی گاؤں میں مقامی باشندوں کی جانب سے پرندوں کی زبان کے طور پر استعمال کی جانے والی سیٹیوں کو انسانی میراث کے طور پریونیسکو کی عالمی فہرست میں شامل کرانے کی کوشش کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر ترکی کی وزارتِ ثقافت و سیاحت اور یونیسکو کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کے ارکان بھی وہاں مو جود تھے۔وزارتِ ثقافت کے علاقائی دفتر کے ڈائریکٹر حلوصی گیولیچ نے کہا ہے کہ علاقے میں سینکڑوں سالوں سے لوگ ایک دوسرے سے رابطے کے لیے سیٹیوں کا استعمال کرتے چلے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین روز جاری رہنے والے اجلاس میں اس بارے میں فائل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ جس کے بعد یونیسکو سے رجوع کیا جائے گا تاکہ دنیا میں پہلی بار پرندوں کی زبان نامی بولی ’’ سیٹی‘‘ کو یونیسکو کی طرف سے عالمی عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا جائے۔