حکومت شفاف ترقیاتی میگا پراجیکٹس مکمل کر رہی ہے، رانا مشہود
لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدخان نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے قوم کے ہر فرد کو اپنے فرائض دیانتداری سے ادا کرنا ہوں گے ۔ ہمیں دوسروں پر تنقید میں وقت ضائع کرنے کی بجائے خود احتسابی کی عادت ڈالنا ہو گی ۔ پاکستان کی سربلندی کے لئے جمہوریت ، مساوات ، معاشی ترقی ، انصاف اور جدید علوم و فنون اپنا ناگزیر ہے ۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام سالانہ نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب کی صدارت چیئر مین نظریہ پاکستان ٹرسٹ رفیق احمد تارڑ نے کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر رفیق احمد ،شاہد رشید اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ قائدین کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ وزیرتعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ ٹرانسپرنٹ اور شفاف ترقیاتی میگا پراجیکٹس مکمل کر رہی ہے ۔ٹرانسپرنسٹی انٹر نیشنل کی رپورٹس کے مطابق پاکستان میں کرپشن کا گراف نیچے آیا ہے جو مسلم لیگ (ن) حکومت کی گڈ گورننس کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی ترقی کے لئے شارٹ میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔سی پیک منصوبے کے نتیجے میں پورے پاکستان میں 25 لاکھ لوگوں کو ملازمتیں ملنے کی گنجائش پیدا ہو گی جبکہ اگلے تین سالوں میں خلیجی ممالک کو 22 لاکھ ہنر مند لیبر محنت کشوں کی ضرورت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر ہماری حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں خصوصاً تعلیم کا شعبہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب سمیت پوری حکومتی مشینری کا فوکس پوائنٹ بن چکا ہے پچھلے دنوں وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف بذات خود سکول کا دورہ کر کے اس حوالے سے اپنی بھر پور سنجیدگی کا اظہار کیا ۔ تقریب سے جسٹس رفیق تارڑ ، ڈاکٹر رفیق احمد اور دیگر بزرگ مسلم لیگی راہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔