تاجر بلاشبہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دست و بازو ہیں، رفیق رجوانہ

تاجر بلاشبہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دست و بازو ہیں، رفیق رجوانہ

  

لاہور(نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں ہال روڈ کے 20رُکنی ٹریڈرز کے وفد نے صدر بابر محمود کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔وفد میں سلیم بھٹی، عادل حفیظ، شہزاد چوہان اور معظم علی خاں شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے تاجر برادری کے ساتھ دوستانہ ماحول ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مسلم لیگ (ن) کی بنیادی طاقت ہے اور تاجر بلاشبہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے دست بازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اس بات پر پورا یقین رکھتی ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ تاجر برادری کی وجہ سے ہی رواں دواں ہے۔ گورنر نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی اور توانائی کے بحران سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے اور انہیں دور کرنے کے لئے ملک بھر میں میگاپراجیکٹس پر دن رات کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو یقینی بنارہی ہے۔ وفد نے گورنر پنجاب کو یقین دلایا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کو نہ صرف سپورٹ کیا ہے بلکہ ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وفد نے کہا کہ تاجر برادی ملکی معیشت کی ترقی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہی گی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -