اپوزیشن نہیں حکمران عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، محمودالرشید
لاہور(نمائندہ خصوصی )قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمودالرشید نے کہاکہ پاکستان اور اسکے ادارے امن کے داعی ہیں، کوئی پاکستانی پٹھانکوٹ سمیت کسی ملک میں دہشت گردی کے عزائم نہیں رکھتا نئی دہلی اپنا گریبان جھانکے اور حکومت پاکستان بھارتی ڈومور کا مطالبہ مسترد کردے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ اپوزیشن نہیں حکومت اور اس کے وزیر مشیر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، حکومت شرفاء نے اورنج ٹرین سے پہلے کبھی قرض اتارو،ملک سنوارو، تندور،پیلی ٹیکسی اور کبھی بدلا ہے پنجاب کے نعرے لگا کر عوام کو لوٹا اور بیوقوف بنایا، انہوں نے کہا کہ اگر اورنج ٹرین دنیا کا سستا اور بہترین منصوبہ ہے تو حکومت نے اسے ایوان سے کیوں نہ منظور کرایا، اپوزیشن حقیقی معنی میں عوامی مسائل کے حل اور انکو بنیادی حقوق دلوانے کی جنگ لڑ رہی ہے اورحکمرانوں کی روایتی لوٹ مار ختم ملک میں حقیقی جمہوریت کے نفاد کی کوشش میں لگی ہے۔ ملکی اداروں کے ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ نا اہل حکومت نے سازش کے تحت پی آئی اے جیسے ایک منافع بخش اداروں کو پہلے تباہ کیا اور اب خسارے کا واویلا مچا کر اس کی نجکاری کا پروگرام بنا لیاجب حکمران چلتا چلایا ادارہ نہ سنبھال سکے تو نئی ائیر لائن کیسے چلائیں گے۔