محکمہ آبپاشی اربوں کی سرکاری جائیدادیں و اگزار کرانے میں ناکام، پولیس اور محکمہ ملازمین قبضوں میں ملوث

محکمہ آبپاشی اربوں کی سرکاری جائیدادیں و اگزار کرانے میں ناکام، پولیس اور ...

  

لاہور(اقبال بھٹی)محکمہ آبپاشی ، پولیس اور محکمے کے اپنے ہی ملازمین کے ناجائز قبضے سے اربوں روپے مالیت کی سرکاری جائیدادیں واگزار کروانے اور واجبات وصول کرنے میں ناکام ہوگیا ہے ۔لاہور ، ملتان ،شیخوپورہ، سرگودھا، منڈی بہاوالدین اور ڈی جی خان سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں اریگیشن کی اربوں روپے مالیت کی رہائش گاہوں اور ریسٹ ھاؤسز پر ناجائز قبضہ کرلیا ۔ جس کے باعث محکمے کویوٹیلٹی بلوں اور کرائے کی مد میں کروڑوں روپے سے زائد نقصان کا سامنا ہے۔ معلوم ہواہے کہ لاہور ، ملتان ،شیخوپورہ، سرگودھا، منڈی بہاوالدین اور ڈی جی خان سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں واقع محکمہ آبپاشی کی رہائشی کالونیوں میں متعدد گھروں اور مختلف ریسٹ ھاؤسز پر متعلقہ پولیس کے ساتھ ساتھ محکمے کے اپنے ہی ملازمین نے غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔ کسی گھر پر 10برسوں سے تو کوئی 15برسوں سے غیر قانونی قبضے میں ہے۔ جبکہ زیر قبضہ گھروں اور ریسٹ ھاوسز میں یوٹیلٹی بل بھی محکمہ ہی ادا کرتا ہے۔ذرائع کے مطابق خانپور ٹیوب ویل آپریشن ڈویژن کی احمد پور ، الہ آباد میں واقع رہائش گاہوں پر محکمے کے اپنے ہی ملازمین نے عرصہ 8برسوں سے غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔ یہ ملازم نہ تو کرایہ ادا کرتے ہیں۔ اور نہ ہی سرکاری رھائش گاہیں خالی کرتے ہیں۔ اسی طرح مذکورہ رھائش گاہوں میں قانونی طورپر مقیم متعدد ملازمین بھی اپنی تنخواہوں سے پانچ فیصد ھاؤس رینٹ الاؤنس کی کٹوتی نہیں کرواتے اور سرکاری رہائش گاہ میں بھی رہتے ہیں۔ میلسی ، لالی پور میں محکمے کے دو ریسٹ ہاؤس پولیس کے قبضے میں ہیں۔ اور اب تک محکمہ ان ریسٹ ھاؤسوں میں بلوں وغیرہ کی مد میں 16لاکھ روپے ادا کرچکا ہے۔منڈی بہاوالدین میں محکمے کے دوریسٹ ھاؤس عرصہ دراز سے مقامی پولیس کے قبضے میں ہیں۔جن کے یوٹیلٹی بل بھی محکمہ آبپاشی ہی ادا کرتا ہے۔اور گزشتہ 8برسوں سے اب تک 26لاکھ روپے ادا کئے جاچکے ہیں۔ڈیر ہ غازی خان کینال ڈویژن میں رہائش اختیار کرنے والے سرکاری ٹھیکیدار نے کرائے کی مد میں 4لاکھ روپے ادا ہی نہیں کئے۔چنیوٹ کے علاقے یاخو والا میں مقامی پولیس نے اریگیشن کے دو ریسٹ ھاؤسو ں پر تین برسوں سے قبضہ کررکھا ہے۔شیخوپورہ سٹور ڈویژن میں رھائش پذیر سب انجنئیر سرکاری گھر میں رہنے کے باوجود تنخواہ میں ھاؤس رینٹ الاؤنس وصول کرتا ہے۔ شیخوپورہ میں ہی سول کوآرٹرز روڈ پر محکمے کی رہائش گاہ پر قبضے کرنے والے ملازمین سے پینل رینٹ وصول نہیں کیا جاتا۔اسی طرح ایکسئین پنجند ڈویژن کے زیر کنٹرول واقع ھاؤسنگ کالونی میں رھائش پذیر ملازمین سے لاکھوں روپے پر مشتمل ھاؤس رینٹ وصول نہیں کیا جارہا۔ڈیر ہ غازی خان کینال ڈویژن میں رہائش اختیار کرنے والے سرکاری ٹھیکیدار نے کرائے کی مد میں 4لاکھ روپے ادا ہی نہیں کئے۔

مزید :

صفحہ آخر -