پاکستان نے دنیا کو دہشتگردی سے چھٹکارا دلانے کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں: ممنون حسین

پاکستان نے دنیا کو دہشتگردی سے چھٹکارا دلانے کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں: ...

  

لاہور(کامرس رپورٹر) صدر مملکت سید ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک بتدریج معاشی استحکام کی منازل طے کرتا جارہا ہے، صنعت و تجارت کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں کیونکہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے بغیر معاشی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار غیرملکی سفیروں کے اعزاز میں لاہور چیمبر کے سالانہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اہم ایونٹ کا اہتمام لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر، نائب صدر ناصر سعیدنے کیا تھا جبکہ جبکہ سابق صدور ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور وفاقی وزرا نے بھی عشائیے میں شرکت کی۔ سید ممنون حسین نے کہا کہ حکومت صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے، توانائی کی پیداوار کے بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن کی تکمیل کے بعد توانائی کی قلت کا مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک کی معاشی بہتری اور امان و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے حکومتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیگر ممالک کی مارکیٹوں تک بھرپور رسائی ملنی چاہیے کیونکہ پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی سے چھٹکارا دلانے کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور نمائشوں کا انعقاد تجارت کے فروغ میں اہم کردارادا کرتا ہے مگر اس کے لیے ویزا کے اجراء کا عمل بہت آسان ہونا چاہیے تاکہ تاجر دوسرے ممالک کا باآسانی سفر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال اور جغرافیائی حوالے سے اہم مقام کا حامل ہے لہذا پاکستان میں دیگر ممالک کے سفیر اپنے اپنے ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پہیہ رواں دواں رکھنے کے لیے وافر بجلی کی دستیابی اشد ضروری ہے، غیرملکی سرمایہ کار پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرکے بھاری فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے غیرملکی سفیروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ممالک میں پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کریں جسے بین الاقوامی میڈیا نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور قیام امن کے لیے بھاری قربانیاں دے رہا ہے۔ سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح نمو، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، ٹیکس وصولی بڑھنا اور انفراسٹرکچر کی بہتری اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے صنعت و تجارت اور معیشت کے لیے ہمیشہ بہترین خدمات سرانجام دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے غیرملکی سفیروں کو پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وسطیٰ ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا بہت اہم ذریعہ ہے لہذا وہ اپنی حکومت کو پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون بڑھانے پر آمادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور کی تکمیل کے بعد پاکستان سرمایہ کاروں کی جنت بن جائے گا جس سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

مزید :

صفحہ آخر -