اوور سیز کمیشن کی کاوشیں،ایڈن آباد میں تارکین وطن کو 30گھروں کا قبضہ مل گیا

اوور سیز کمیشن کی کاوشیں،ایڈن آباد میں تارکین وطن کو 30گھروں کا قبضہ مل گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے خبر نگار سے )اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کاوشوں کے نتیجے میں ہاؤسنگ سکیم ’’ایڈن آباد ‘‘لاہور میں30 گھروں کا قبضہ ان کے مالک تارکین وطن کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں نے 8 سے 10 سال قبل اس سکیم میں گھر بک کروائے تھے لیکن مختلف وجوہ کی بنا پر انہیں گھروں کا قبضہ نہیں مل سکا تھا۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی اور وائس چیئر پرسن کیپٹن (ر) خالد شاہین بٹ نے ایڈن ہاؤسنگ سکیم میں ایک تقریب میں ان گھروں کے کاغذات اور چابیاں تارکین وطن کے حوالے کیں ۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو شکایات بھجوائی تھیں کہ پیسے ادا کرنے کے باوجود انہیں گھروں کا قبضہ نہیں دیا جارہا جس پر کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے تارکین وطن کو گھروں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ افضال بھٹی اور خالد شاہین بٹ نے بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ سے مذاکرات کے نتیجے میں تارکین وطن کو ان گھروں کا قبضہ لینے کے لئے کوئی اضافی چارجز ادا نہیں کرنا پڑیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متعلق تارکین وطن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہا ہے ۔تارکین وطن کو گھروں کا قبضہ دینے کے حوالے سے تقریب میں ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی ننکانہ اور وہاڑی کے چیئرمینوں چوہدری شفیع،شہزاد ڈوگر، اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد اور کمیشن کے حکام نے بھی شرکت کی ۔بعد ازاں کمشنر اور وائس چیئر پرسن نے تارکین وطن کے حوالے کئے گئے گھروں کا دورہ کیا۔