وہی جماعت ملک میں جمہوریت قائم کرسکتی ہے جس کے اپنے اندر جمہوریت ہوگی،راشد نسیم

وہی جماعت ملک میں جمہوریت قائم کرسکتی ہے جس کے اپنے اندر جمہوریت ہوگی،راشد ...

  

لاہور( نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ وہی جماعت ملک میں جمہوریت قائم کرسکتی ہے جس کے اپنے اندر جمہوریت ہوگی ۔جن پارٹیوں کے اپنے اندر جمہوریت نہیں وہ محض عوام کو دھوکہ دینے کیلئے جمہوریت کاراگ الاپ رہی ہیں ۔پلڈاٹ کے حالیہ سروے نہیں ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں پر خاندانی پراپرٹیاں ہونے کی مہر تصدیق ثبت کردی ہے اور جماعت اسلامی کو جمہوریت میں نمبر ایک جماعت قرار دیکر قوم کی طرف سے اعتراف کیا ہے کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی جمہوری جماعت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راشد نسیم نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ہر روز قوم کا تقریبا 12ارب روپیہ کرپشن کی نذر ہورہا ہے ۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستا ن تحریک قوم کے دل کی آواز ہے کیونکہ عوام جان چکے ہیں کہ ملک سے کرپشن وہی جماعت ختم کرسکتی ہے جس اپنے اندر کرپشن کا شائبہ تک نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قریبا 170کارکنان اور ذمہ داران قومی و صوبائی اسمبلیوں بلدیاتی اداروں اور سینیٹ کے ممبران رہے مگر قومی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہمارے دامن ہر طرح کی کرپشن اور کمیشن سے پاک رہے اور ہمارا بدترین مخالف بھی جماعت اسلامی کے کسی کارکن پر بدیانتی کا الزام نہیں لگا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا ساٹھ پینسٹھ فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اگر یہی نوجوان قوم کو کرپٹ مافیا سے بچانے کیلئے سرگرم ہوجائیں تو کسی کو جرأت نہیں ہوگی کہ وہ قومی خزانے میں سے ایک پیسہ بھی ہڑپ کرسکے ۔انہوں نے اس امید کا اظہارکیا کہ یہ نوجوان ان شاء اللہ بہت بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کا ہراول دستہ بنیں گے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -