میٹرو ٹرین کیلئے بیرون ملک سے قرض لینا حیران کن ہے،مسرت جمشید چیمہ

میٹرو ٹرین کیلئے بیرون ملک سے قرض لینا حیران کن ہے،مسرت جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے بیرون ملک سے قرض کی منظوری پر حکمرانوں کا جشن پوری قوم کیلئے حیرانی کا باعث ہے ،اپنے منشور میں غریبوں کا دم بھرنے والے اقتدار میں آنے کے بعد اس طبقے سے بالکل لا تعلق ہیں بلکہ انہیں مہنگائی ،قرضوں اور ٹیکسز کے بوجھ تلے زندہ دفن کیا جارہا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ آج غریب عوام روزگار ،صحت اور تعلیم کی سہولیات مانگ رہے ہیں جبکہ حکمران اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے انہیں میٹرو بسوں اور ٹرینوں میں بیٹھنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔تحریک انصاف ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے ہرگز خلاف نہیں ہمارا احتجاج صرف وژن سے عاری حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے خلاف ہے اگر حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ خود نمائی کے منصوبوں سے عوام کے دلوں میں جگہ بنا سکتے ہیں تو یہ انکی بھول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف انشا اللہ اقتدار میں آئے گی اور خود نمائی اور ذاتی مفادات کی بجائے عوام کی زندگیوں میں آسودگی لانے کے منصوبوں کو ترجیحات میں رکھا جائے گا ۔