پارٹنر سکولزسٹوڈنٹس کا تازہ ترین ریکارڈ ہر ماہ کی 25تاریخ تک درج کریں،طارق محمود

پارٹنر سکولزسٹوڈنٹس کا تازہ ترین ریکارڈ ہر ماہ کی 25تاریخ تک درج کریں،طارق ...

  

لاہور(اپنے نمائندہ سے)ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے سکول پارٹنرز کو ہدایت کی ہے کہ طالب علموں کے ڈیٹا کو سٹور کرنے کے سافٹ وےئرسٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم میں تازہ ترین ریکارڈ ہر ماہ کی 25تاریخ تک آن لائن درج کر دیں تاکہ ان کے ماہانہ واجبات بروقت ادا کیے جاسکیں۔ اپنے دفتر میں پروگرام ڈائریکٹرز کے ہفتہ واراجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی طارق محمود نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکول پارٹنرز کے ماہانہ واجبات کی بروقت اور شفاف ادائیگی کے لیے آن لائن پیمنٹ سسٹم ڈیزائن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول پارٹنرز طالب علموں کو خوشگوار تعلیمی ماحول مہیا کریں تا کہ بے وسیلہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طالب علم کوالٹی ایجوکیشن کے ذریعے اپنا مستقبل محفوظ بناسکیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے لیے نہایت فعال انداز میں سرگرم ہے۔ دریں اثناء برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی امداد کی سینئر ایجوکیشن ایڈوائزر باربرا پائین کی زیر قیادت چار رکنی ڈونر وفد نے ایم ڈی پیف طارق محمودسے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔ اجلاس میں تعلیمی منصوبوں پر پیش رفت کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

ایم ڈی پیف نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی بدولت تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں نمایاں مدد ملی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مفت سکول ایجوکیشن کی سہولت ملنے سے غریب و بے وسیلہ گھرانوں کے بچوں کو غربت سے نجات ملی ہے ،اسی طرح گھروں کے نزدیک سکول قائم ہونے سے گرلز ایجوکیشن کو رواج ملاہے۔انہوں نے مزیدبتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بہاول پور ڈویژن کے چولستانی علاقوں میں دس موبائل سکول کھول دیے ہیں۔ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگرام ڈائریکٹرز کے علاوہ ڈونراداروں کے ہارون سیٹھی، معین اختر اور تیمور عادل نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -