موٹر سائیکل چور گینگ کے سر غنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار

موٹر سائیکل چور گینگ کے سر غنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار

  

لاہور( کرائم رپورٹر ) اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن نے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے3ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ35موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے ایس پی AVLSاویس ملک کو ملزموں کی فوری گرفتاری کا ٹارگٹ دیا ۔انہوں نے ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں انچارج اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف سب انسپکٹر بشارت علی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں چھاپہ مارکر موٹر سائیکل چورگینگ کے سرغنہ حبیب الرحمن اور اس کے2 ساتھیوں امجد علی اور علی حسن کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ35 موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیزاورناجائز اسلحہ برآمدکرلیا۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز ، شاپنگ پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیِ کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اوران کے پرُزے کر کے اونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ نشتر کالونی، ڈیفنس A، کوٹ لکھپت، لیاقت آباد،غالب مارکیٹ، مصری شاہ، فیکٹری ایریا اور شاہدرہ کے علاقوں سے موٹر سائیکل چوری کرنے کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی چوری کے مختلف مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمدچوہدری نے پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔

مزید :

علاقائی -