امریکہ،نیواڈا کاکسزانتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلسل تیسری جیت
واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) نیواڈا کی ریاست میں ری پبلکن پارٹی کے کاکسز انتخابات میں بھی توقع کے مطابق ارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ سب سے آگے بڑھ گیا ہے۔ 23 فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج اب مکمل ہوگئے ہیں جن میں اس ریاست کے کل 30 مندوبین کا فیصلہ ہونا تھا۔ تقریباً 46 فیصد ووٹوں کے ساتھ ٹرمپ کے حامی کم از کم 12 مندوب چن لیے گئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر مارکو روبیو ہیں جنہیں تقریباً 24 فیصد ووٹ پڑے ہیں اور تیسرے نمبر پر رہنے والے ٹیڈ کروز کو 21 فیصد سے زائد ووٹ ملے ہیں۔ ان دونوں کو ووٹوں کے تناسب سے پانچ پانچ مندوب مل چکے ہیں۔ امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیو لینڈ میں 18 سے 21 جولائی تک ری پبلکن پارٹی کے قومی کونشن میں صدارتی ٹکٹ کا حتمی فیصلہ ہوگا جس میں کل 2472 مندوب جمع ہوکر اکثریت کے ذریعے اپنے صدارتی امیدوار کا چناؤ کریں گے۔ صدارتی ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے کم از کم 1237 مندوبین کی حمایت درکار ہوگی۔ نیواڈا کے انتخابات کو شامل کرکے اب تک ٹرمپ کو 79، ٹیڈ کروز کو 16، مارکو روبیو کو 15، کیسک کو 5 اور کارسن کو 3 مندوب مل چکے ہیں۔ ری پبلکن پارٹی کی اسٹیبلشمنٹ ڈونلڈ ٹرمپ کو پسند نہیں کرتی لیکن غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کرنے پر اسے قدامت پسند ووٹ مل رہے ہیں۔