نیب کے ’’پر‘‘ پہلے سے کٹے ہوئے ،ناخنوں کا تو نام و نشان نہیں،لیاقت بلوچ

نیب کے ’’پر‘‘ پہلے سے کٹے ہوئے ،ناخنوں کا تو نام و نشان نہیں،لیاقت بلوچ

  

لاہور(اے این این ) سیکریٹر ی جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کا نمبر ایک مسئلہ کرپشن ہے اور اس کے خاتمہ سے تمام مسائل ختم ہو جائیں گے۔کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز 27فروری کو کرک میں عظیم الشان جلسہ عام سے کریں گے ،وہ بدھ کے روز المرکز اسلامی پشاور میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔صوبائی امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد خان ،سابق صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان اور ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ یہ کتنی بدقسمتی ہے کہ پاکستان دنیا کے50 کرپٹ ترین ممالک میں سر فہرست ہے۔بھارت کرپش میں پاکستان سے37 درجے بہتر ہے جبکہ بدقسمتی سے ایتھوپیا جیسا ملک بھی پاکستان سے13درجے بہتر ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں احتساب کے لیے قائم ادارے قومی احتساب بیورو کے پَر پہلے سے کٹے ہوئے ہیں۔ اس کے ناخن نام ونشان نہیں،اس بے بس ادارے نے جب منشا گروپ ،دواؤ گروپ اور کراچی کے ایک بڑے گروپ کو تحقیقات کے لیے دو تین گھنٹے بٹھایا تو وزیر اعظم تلملا اٹھے اور کہا کہ معصوم لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کہ یہاں لٹیروں کو اعلیٰ ترین سطح پر تحفظ حاصل ہے اور عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں۔اسی بنیاد پر جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستانی عوام کو کرپشن کے خلاف بیدار کیا جائے ہم اس کے لیے کرپشن فری پاکستان تحریک چلا رہے ہیں۔ایک کروڑ افراد سے کرپشن کے خلاف دستخط لیں گے۔بڑے بڑے بورڈز پر کرپشن کے خلاف دستخطی مہم چلائیں گے ہم نے ماہرین کے گروپ بنائے ہیں جو کرپشن کے خلاف دستاویزی ثبوت تلاش کرکے قوم کے سامنے پیش کریں گے۔ ہم نوجوانوں، خواتین، طلبا و طالبات ،کسانوں اور مزدوروں کے واکس اور احتجاج منعقد کریں گے

مزید :

پشاورصفحہ اول -